چیمپئنز ٹرافی، کون کونسے بڑے بڑے کرکٹر کھیلتے ہوئے نظر نہیں آئیں گے

PG12-Lead-ICC-delegation1732236244-0.jpg

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کا آغاز 19 فروری سے ہو رہا ہے، جس میں دنیا بھر کی آٹھ بہترین ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ تاہم، کئی ٹیمیں اپنے اہم کھلاڑیوں کے بغیر میدان میں اتریں گی، جس کی وجہ سے ٹورنامنٹ کے توازن پر اثر پڑ سکتا ہے۔

متعدد کھلاڑی مختلف وجوہات، خصوصاً انجری کے باعث چیمپئنز ٹرافی سے باہر ہو چکے ہیں، جن میں کچھ بڑے نام شامل ہیں جن پر ان کی ٹیمیں انحصار کرتی تھیں۔ ٹیموں نے اسکواڈ کا اعلان تو کر دیا تھا، لیکن بدقسمتی سے بعض کھلاڑیوں کی انجری کے سبب کئی ٹیموں کو اپنے اسکواڈ میں تبدیلیاں کرنی پڑی ہیں۔

پاکستان
پاکستانی اوپننگ بیٹر صائم ایوب چیمپئنز ٹرافی میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔ جنوبی افریقا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں ٹخنے کی انجری کے باعث انہیں اسکواڈ سے باہر ہونا پڑا۔ صائم ایوب نے مختصر ون ڈے کیریئر میں غیرمعمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا، اور ان کی غیر موجودگی قومی ٹیم کے لیے ایک بڑا دھچکا تصور کی جا رہی ہے۔

بھارت
بھارتی ٹیم کو اپنے اسٹار فاسٹ بولر جسپریت بمراہ کی کمی شدت سے محسوس ہوگی۔ بمراہ کو آسٹریلیا کے خلاف بارڈر گواسکر ٹرافی کے دوران کمر کی انجری ہوئی تھی، جو وقت پر ٹھیک نہ ہو سکی۔ ان کی جگہ کم تجربہ کار ہرشت رانا کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

آسٹریلیا
ورلڈ چیمپئن آسٹریلیا کو چیمپئنز ٹرافی 2025 میں سب سے زیادہ مشکلات کا سامنا ہے، کیونکہ اس کے پانچ اہم کھلاڑی ٹورنامنٹ سے باہر ہو چکے ہیں۔

  • پیٹ کمنز: آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز ٹخنے کی انجری کے باعث ایونٹ سے باہر ہو گئے، ان کی جگہ اسٹیو اسمتھ ٹیم کی قیادت کریں گے۔
  • مچل اسٹارک: اسٹار فاسٹ بولر مچل اسٹارک نے ذاتی وجوہات کے باعث ٹورنامنٹ میں نہ کھیلنے کا اعلان کیا۔
  • جوش ہیزل ووڈ: انجری کے سبب جوش ہیزل ووڈ بھی ایونٹ میں شامل نہیں ہوں گے، جس کی وجہ سے آسٹریلیا کی فاسٹ بولنگ لائن نسبتاً کمزور ہو سکتی ہے۔
  • مارکس اسٹوئنس: تجربہ کار آل راؤنڈر مارکس اسٹوئنس نے اچانک ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی اور چیمپئنز ٹرافی میں شرکت نہیں کریں گے۔
  • مچل مارش: فٹنس مسائل کی وجہ سے مچل مارش بھی چیمپئنز ٹرافی سے باہر ہو گئے، جس سے آسٹریلوی اسکواڈ مزید کمزور ہو گیا ہے۔

جنوبی افریقا
جنوبی افریقی ٹیم کو بھی چیمپئنز ٹرافی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا، کیونکہ ان کے دو اہم فاسٹ بولرز ایونٹ میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔

  • اینرک نوکیا: کمر کی انجری کے باعث نوکیا کو اسکواڈ سے باہر ہونا پڑا، جس کی وجہ سے جنوبی افریقا کی فاسٹ بولنگ لائن کمزور پڑ گئی۔
  • جیرالڈ کوئیٹزی: کوئیٹزی کو ٹریننگ کے دوران ران میں چوٹ آئی، جس کے بعد انہیں ٹورنامنٹ سے دستبردار ہونا پڑا۔

انگلینڈ
انگلینڈ کے نوجوان آل راؤنڈر جیکب بیتھل بھارت کے خلاف ون ڈے سیریز کے دوران ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہوئے اور چیمپئنز ٹرافی میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔ ان کی جگہ ٹام بینٹن کو اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔

نیوزی لینڈ
نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر بین سیئرز ہیم اسٹرنگ انجری کے باعث چیمپئنز ٹرافی سے باہر ہو چکے ہیں۔ ان کی جگہ جیکب ڈفی کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

چیمپئنز ٹرافی 2025 میں کئی اہم کھلاڑیوں کی غیر موجودگی کے سبب ٹیموں کو متبادل کھلاڑیوں پر انحصار کرنا پڑے گا، جس سے نئے چہروں کو خود کو منوانے کا موقع ملے گا۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ 19 فروری کو کراچی میں افتتاحی میچ کھیلیں گے، جس کے ساتھ اس سنسنی خیز ٹورنامنٹ کا آغاز ہوگا۔
 

Back
Top