
پاکستان سپر لیگ کے نمائشی میچ میں 6گیندوں پر 6 چکھے مارنےوالےافتخار احمد اور باؤلر وہاب ریاض کی دلچسپ گفتگو کی ویڈیو منظر عام پرآگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق آج کوئٹہ کے بگٹی گراؤنڈ میں پاکستان سپر لیگ کے نمائشی میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کےبیٹسمین افتخار احمد نے پشاور زلمی کے فاسٹ باؤلر کو آخری اوور میں چھ گیندوں پر چھ چھکے دے مار کر اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کروادیا۔
میچ کے بعد دونوں کھلاڑیوں کے درمیان ایک اوور میں چھ چھکوں کے معاملے پر ہنسی مذاق اور دلچسپ مکالمہ ہوا جس کی ویڈیو پاکستان کرکٹ بورڈ کے آفیشل ٹویٹر ہینڈل سے شیئر کی گئیجو دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وہاب ریاض افتخار احمد کی جانب سے چھ چھکوں کی تعریف کرتےدکھائی دے رہے ہیں اور کہتے ہیں کہ 6 گیندوں پر 6 چھکے مارناایک بیٹسمین کیلئے بڑی بات ہے، اور کسی باؤلر کیلئےایک اوور کی 6 گیندوں پر 6 چھکےکھانا اس سے بھی بڑی بات ہے۔
دونوں کھلاڑیوں کے مابین خوش گپیوں کے دوران وہاب ریاض کہتے ہیں کہ چھکوں کی خیر ہے یہ جو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جرسی کا پرپل کلر ہے یہ پی ایس ایل میں نظر بھی نہیں آئے گا جس پر افتخار احمد اپنی ٹیم کا دفاع کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ یہ رنگ ٹاپ پر آئے گا۔
خیال رہے کہ پی ایس ایل کے نمائشی میچ میں سرفراز احمد کی کپتانی میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے بابراعظم کی ٹیم پشاور زلمی کو دلچسپ مقابلےکے بعد 3 رنز سے شکست دی، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت سے ہمکنار کروانے میں افتخار احمد کی94 رنز کی جارحانہ اننگز نے کلیدی کردار ادا کیا۔