چھ ستمبر ،لاکھوں نوجوان دفاع وطن کے عھد کا اعلان کریں گے - سراج الحق

Afaq Chaudhry

Chief Minister (5k+ posts)
02-138.jpg




لاہور(نمائندہ جسارت)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے 6 ستمبر کو لاکھوں نوجوانوں کو سڑکوں پر لانے اوران سے دفاع پاکستان کے لیے عہدلینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹرمپ کو لاکھوں نوجوان واضح طور پر پیغام دیں گے کہ ہمیں امریکی غلامی کسی بھی صورت قبول نہیں،پاکستان کے دفاع کے لیے پوری قوم متحد ہے،ٹرمپ کی پاکستان کو دھمکیاں در اصل ہمارے بزدل حکمرانوں کی داخلہ و خارجہ پالیسیوں کی ناکامی کا نتیجہ ہے ،افغانستان میں شکست کھانے والا امریکا کس منہ سے پاکستان کو دھمکیاں دے رہا ہے،عید کے بعدنئے جوش اور ولولے سے کرپشن کے خلاف ایک نئی تحریک کا آغاز کررہے ہیں ،ہم پاکستان کو کرپشن سے پاک پاکستان بنائیں گے،ایمان تقویٰ جہاد فی سبیل اللہ کا ماٹو رکھنے والی پاکستانی بہادر فوج سے لڑنا امریکا کے بس کی بات نہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپر دیر براول میں ایک بڑے شمولیتی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،


جلسے میں مقامی نمائندوں سمیت سیکڑوں عمائدین نے مختلف پارٹیوں سے مستعفی ہوکر جماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان کیا، اس موقع پر امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوامشتاق احمد خان ،سینئر صوبائی وزیر بلدیات عنایت اللہ خان ،ضلعی ناظم دیر صاحبزدہ فصیح اللہ ،تحصیل ناظم جان عالم خان نے بھی خطاب کیا۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ 6 ستمبر کو ہم کراچی سے چترال تک لاکھوں نوجوانوں کو سڑکوں پر لاکر ٹرمپ اور اس کے حواریوں کو واضح پیغام دیں گے کہ ہم اپنی دھرتی کی حفاظت کے لیے ہر قسم کی قربانی دینے اورپاک فوج کے شانہ بشانہ لڑنے اور مرنے کے لیے تیار ہیں لیکن ٹرمپ اور اس کے حواریوں کی غلامی کے لیے تیار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کہتے ہیں کہ انہیں کس جرم کی سزاملی ہے؟تو ہم انہیں بتانا چاہتے ہیں کہ انہیں اللہ اور اس کے رسولؐ کے ساتھ اعلان جنگ اور بغاوت کی سزا ملی ہے ،


انہوں نے روضہ رسولؐ کے سامنے میرے ساتھ وعدہ کیا کہ پاکستان جاکر ہم سودی نظام کا خاتمہ کریں گے لیکن پاکستان آکر جب ہم نے سودی نظام کے خاتمے کے لیے رٹ دائر کی تو انہوں نے ہمارے وکلا کے مقابلے میں سودی نظام کے تحفظ کے لیے اپنے وکلا کی ٹیم لاکر مقابلہ شروع کیا، ہم پوچھتے ہیں کہ جو شخص اللہ اور اس کے رسول ؐ کے ساتھ اعلان جنگ کرے تو وہ کیسے فلاح پاسکتا ہے۔نواز شریف کو اپنے کیے کی سزا مل رہی ہے ،ان کی جگہ جیل تھی لیکن عدالت عظمیٰ نے انہیں گھر بھیج دیا ،ہماری تحریک احتساب جاری ہے اور ملکی خزانے کی لوٹی ہوئی رقوم کو بیرونی ممالک سے پاکستان لانے تک یہ تحریک جاری رہے گی، کچھ لوگ آئین کی دفعہ 62،63 کو نکالنے کے لیے آئین پر خود کش حملہ کرنا چاہتے ہیں مگر قوم ایسے حملوں کی مزاحمت کرے گی اور کسی کو اپنی کرپشن چھپانے اور نااہلی سے بچنے کے لیے آئین سے کھلواڑ کی اجازت نہیں دے گی۔


62،63 پاکستان کی سا لمیت ، بقا اور ملی وحدت کی ضمانت ہے ۔ جو لوگ ان دفعات کوآئین سے نکالنا چاہتے ہیں وہ در اصل پاکستان کی سا لمیت کو تباہ اور قومی یکجہتی کو پارہ پارہ کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ کرپٹ ٹولہ اپنی کرپشن کو چھپانے اور چور لٹیروں کو ایوانوں تک پہنچنے کا راستہ دینے کے لیے متفقہ آئین سے ملک و قوم کو محروم کرنے کی سازشیں کر رہاہے۔انہوں نے کہاکہ امریکا افغانستان سے بری طرح ناکام و نامراد ہو کر نکلے گا اور وہ وقت قریب آن پہنچا ہے کہ دنیا امریکا کی یک محوری قوت کے سحر سے آزاد ہونے والی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ خطے میں بھارت کی تھانیداری قائم کرنے کا امریکی خواب کبھی پورا نہیں ہوسکتا ۔

http://www.jasarat.com/2017/08/30/trump-of-threats-bold-ruler-of-the-art/