
پاکستان مسلم لیگ ق کے رہنما طارق بشیر چیمہ نے پارٹی سربراہ چوہدری شجاعت حسین کے خط سے متعلق اہم انکشاف کردیا ہے۔
خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کی جانب سے پنجاب اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر کو لکھے گئے خط سے متعلق ق لیگ کے رکن قومی اسمبلی اور وفاقی حکومت کے اتحادی طارق بشیر چیمہ نے اہم انکشاف کردیا ہے۔
طارق بشیر چیمہ نے اس خط کےحوالے سے اپنے بیان میں کہا میں یہ وثوق سے نہیں کہہ سکتا کہ خط کب اور کہاں ڈرافٹ ہوا ، تاہم اس خط کو لکھوانے میں آصف علی زرداری نے اہم کردار ادا کیا، میرا خیال ہے کہ خط 21 جولائی کی رات کو لکھا گیا ہے۔
واضح رہے کہ22 جولائی کو پنجاب اسمبلی میں وزیر اعلی کے انتخاب کے موقع پر ڈپٹی اسپیکر دوست محمدمزاری نے ق لیگ کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کی جانب سے موصول ہونے والا خط پڑھا تھا جس میں انہوں نے اپنے پارٹی ارکان کو چوہدری پرویز الہیٰ کے بجائے حمزہ شہباز شریف کو ووٹ دینے کی ہدایات جاری کی تھیں۔
پارٹی سربراہ کی ہدایات کے خلاف ووٹ ڈالنے پر ڈپٹی اسپیکر نے ق لیگ کے 10 ارکان کے ووٹ مسترد کردیئے تھے جس کے بعد حکومتی اتحادی امیدوار حمزہ شہباز شریف فاتح قرار پائے تھے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/tari111.jpg