ایکسچینج کمپنی ایسوسی ایشن آف پاکستان کے جنرل سیکرٹری ظفر پراچہ نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ بندرگاہوں پر رکے ہوئے 4 ارب ڈالرز مالیت کے کنٹینرز کلیئر کیے جائیں۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں فارن ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن کا اجلاس ہوا جس میں ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن کے صدر علاؤ الدین شیخ ، ملک بوستان سمیت دیگر کاروباری شخصیات نے شرکت کی اور ملکی معاشی صورتحال و ڈالر کی بڑھتی ہوئی قدر پر تشویش کا اظہار کیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شیخ علاؤ الدین نے کہا کہ حکومت کی غلط معاشی پالیسیوں کی وجہ سے حوالہ ہنڈی کو ترغیب ملی، حکومت ڈالر ایمنسٹی لائے جس سے مارکیٹ میں فوری طور پر 5 سے 10 ارب مارکیٹ میں آسکتا ہے۔
انہوں نے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو دعوت دیتے ہوئے کہا کہ اسحاق ڈار ہمارے ساتھ بیٹھ کر پالیسی بنائیں، سیر و تفریح پر جانے والوں کو انٹر بینک سے سستا ڈالر فراہم نا کیا جائے، ایکسچینج کمپنیوں کے ذریعے کریڈٹ کارڈ کو ادائیگیوں کیلئے استعمال کیا جائے
اس اجلاس سے سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری فارن ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن ظفر پراچہ نے کہا کہ جب مارکیٹ میں ڈالر 310روپے کا فروخت ہورہا ہوگا تو کون انٹر بینک میں آئے گا، کاروباری لوگوں نے سینکڑوں کنٹینرز پورٹ پر کھڑے ہیں جن میں تقریبا 4 ارب ڈالر مالیت کا سامان ہے، حکومت یہ کنٹینرز کلیئر کروائے۔