نائب وزیراعظم و وفاقی وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ عالمی مالیاتی ادارہ (آئی ایم ایف) کی پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے دور میں یہ خواہش تھی کہ پاکستان دیوالیہ ہوجائے۔
تفصیلات کے مطابق اسحاق ڈار نے یہ بیان لندن میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے دیا اور کہا کہ پی ڈی ایم کے دور میں آئی ایم ایف یہ چاہتا تھا کہ پاکستان ڈیفالٹ کرجائے، اس وقت ہمارے ری ویوز ہی نہیں چل رہے تھے،2013 سے 2017 کے درمیان تمام معاشی اعشاریے مستحکم ہوگئے تھے اور پاکستان کو جی 20 میں شامل کرنے کی باتیں ہورہی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ سب جانتے ہیں کہ 2018 کے بعد پاکستان میں معیشت کے ساتھ کیا کچھ ہوا، ہمیں ملک کو آگے لے کر جانا ہے اور اس کیلئے ہمیں مشکل فیصلے بھی کرنے ہوں گے، ہماری حکومت کے اقدامات سے اب مہنگائی سنگل ڈیجٹ تک آگئی ہے۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ برطانوی حکام سے پی آئی اے پروازوں کی بحالی پر بات ہوئی ہے، تاہم پی آئی اے کی نجکاری پروازوں کی بحالی سے بھی بڑا کام ہے، سابقہ حکومت کے دورمیں ایک وزیر نے ایئر لائنز سے متعلق بہت ہی غیر ذمہ دار بیان دیا، پروازوں کی بحالی کیلئے اقدامات کررہے ہیں، پہلے مرحلے میں اسلام آباد ایئرپورٹ کی آؤٹ سورسنگ ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ17 لاکھ سے زائد پاکستانی برطانیہ میں مقیم ہیں، ہمارے برطانیہ سے تعلقات بہت اہمیت کے حامل ہیں،میرا دورہ برطانیہ انتہائی مصروف اور اہمیت کا حامل رہا،اوورسیز پاکستانیوں کی سہولتوں کیلئے اقدامات کررہے ہیں، ہمارے ایجنڈے میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو پارلیمنٹ میں نمائندگی دینا بھی شامل ہے۔