پی ٹی آئی کو اصولاً منحرف اراکین کو واپس نہیں لینا چاہئے : تجزیہ کار

kazmi-and-khan-vote-back.jpg


پی ٹی آئی کے منحرف اراکین نے وزیراعظم عمران خان پر تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے دباؤ بڑھادیا ہے، پی ٹی آئی نے منحرف اراکین کے لئے حکمت عملی بھی تیار کرلی ہے، لیکن جیو نیوز کے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میں گفتگو کرتے ہوئے تجزیہ کاروں بینظیر شاہ، اطہر کاظمی، حفیظ اللہ نیازی اور مظہر عباس کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کو اصولاً منحرف اراکین کو واپس نہیں لینا چاہئے۔

تجزیہ کاروں نے کہا کہ عمران خان اصولوں کی سیاست کرنا چاہتے ہیں تو منحرف اراکین کو سیاسی طور پر شکست دیں،پی ٹی آئی باغی اراکین کو واپس لانے میں کامیاب نہیں ہوگی،حکومت نے سندھ ہاؤس پر حملہ کر کے پیغام دیا کہ کچھ بھی ہوجائے ہم ووٹنگ نہیں ہونے دیں گے۔


میزبان علینہ فاروق شیخ نےسوال کیا پی ٹی آئی کسی بھی صورت میں باغی ارکان کو واپس لانے میں کامیاب ہوجائے گی؟ جس کا جواب دیتے ہوئے بینظیر شاہ نے کہا کہ سندھ ہاؤس پر حملہ اور پی ٹی آئی کے منحرف اراکین کیخلاف جس طرح کی زبان استعمال کی جارہی ہے کون اس سیاسی جماعت میں رہنا چاہے گا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت میں موجود سیاسی جماعت آئین و قانون کو ماننے کیلئے تیار ہی نہیں ہے، حکومت نے سندھ ہاؤس پر حملہ کر کے پیغام دیا ہے کہ کچھ بھی ہوجائے ہم ووٹنگ نہیں ہونے دیں گے۔


اطہر کاظمی کا کہنا تھا کہ تہذیب کے دائرے میں رہ کر احتجاج کرنا ہر کسی کا حق ہے ، سندھ ہاؤس میں بیٹھے ضمیر فروشوں پر بات ہونی چاہئے ،ہماری جمہوریت اب یہی رہ گئی ہے کہ ووٹ بیچ کر ٹی وی پر انٹرویو دیں گے۔


دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے آج پھر سیاسی کمیٹی کی اہم بیٹھک بلالی ہے، منحرف اراکین سے متعلق ریفرنس پر مشاورت ہوگی،سندھ ہاؤس میں ہونے والے واقعے پر بھی تبادلہ خیال اور قومی اسمبلی اجلاس سے متعلق امور پر غور کیا جائے گا۔