پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ، توہین الیکشن کمیشن کیس سماعت کیلئے مقرر

11thohhhehehecklsmaat.jpg

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان، سابق وفاقی وزیر اسد عمر اور فواد احمد چودھری کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت بھی کل کی جائے گی: ذرائع

سابق وزیر اعظم وچیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان تھانہ گولڑہ اسلام آباد اور سی ٹی ڈی کے مقدمات میں حفاظتی ضمانت کی درخواست پر سماعت میں پیشی کے لیے آج لاہور ہائی کورٹ میں پیش ہوئے۔ لاہور ہائی کورٹ نے عمران خان خلاف اسلام آباد میں درج کیے گئے دونوں مقدمات میں 27مارچ جبکہ نیب کیس میں 10روز کی حفاظتی ضمانت منظور کرلی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان کی طرف سے کل سماعت کیے جانے والے مقدمات کی کازلسٹ جاری کر دی گئی ہے۔ الیکشن کمیشن کی کازلسٹ کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے ممنوعہ فنڈنگ کیس کی سماعت کل کی جائے گی۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان، سابق وفاقی وزیر اسد عمر اور فواد احمد چودھری کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت بھی کل کی جائے گی۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کیس کی سماعت کے حوالے سے سابق وزیراعظم وچیئرمین پی ٹی آئی عمران خان، اسد عمر اور فواد چوہدری کو نوٹس جاری کردیے ہیں اور تینوں رہنماؤں کو کل الیکشن کمیشن میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔

علاوہ ازیں چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق نے سیاسی جماعتوں کی ممنوعہ فنڈنگ کیس میں سکروٹنی کمیٹی کو تحریک انصاف کے علاوہ دیگر سیاسی جماعتوں کی سکروٹنی جلد مکمل کرنے کی فرخ حبیب کی درخواست پر سماعت کی۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کی طرف سے عدالت میں تحریری جواب جمع کروا دیا گیا۔ عدالت نے استفسار کیا کہ کیا عدالت الیکشن کمیشن کو ڈائریکشن دے سکتی ہے؟ وکیل صفائی بیرسٹر علی گوہر نے عدالت کو بتایا الیکشن کمیشن کی تشکیل کردہ سکروٹنی کمیٹی کو ہائیکورٹ ہدایات دے سکتی ہے۔

عدالت نے حکم دیا کہ آئندہ سماعت پر الیکشن کمیشن کو ہدایات بارے مطمئن کیا جائے اور کیس کی سماعت 29 مارچ تک کیلئے ملتوی کر دی گئی۔