
سینئر تجزیہ کار سہیل وڑائچ نے کہا ہے کہ ہم سب گواہ ہیں اس چیز کے کہ کس طرح اسٹیبلشمنٹ عمران خان کا اقتدار تک لے کر آئی۔
تفصیلات کےمطابق جیو نیوز کے پروگرام رپورٹ کارڈ میں میزبان نے عمران خان کے بیان کا حوال دیا جس میں عمران خان کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت وہ واحد جماعت ہے جسے اسٹیبلشمنٹ نے نہیں بنائی اور ہماری حکومت کے تین سال مثالی تھی۔
سہیل وڑائچ نے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ یہ دونوں باتیں غلط ہیں، اسٹیبلشمنٹ نے جس طرح پی ٹی آئی کے جلسوں کی تعریف کی، الیکشن کے دنوں میں جس طرح اسٹیبلشمنٹ نےعمران خان کی پارٹی کیلئے جو کردار ادا کیا وہ سب کو معلوم ہے، امیدواروں کو فائنل کرنا، لسٹیں فائنل کرنا، پینل بنانا ، سب کام اسٹیبلشمنٹ نے کیا اور بعد میں پی ٹی آئی سے منظور کروائے۔
سینئر تجزیہ کار نے کہا کہ فوج عمران خان کو اقتدار میں لے کر آئی، الیکشن جتوایا، اور الیکشن کو عمران خان کے حق میں کرنےکیلئے پورا زور لگایا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جہاں تک عمران خان کے دور حکومت کی بات ہے تو وہ کوئی مثالی دور نہیں تھا، یہ صحافیوں کیلئے تو بدترین دور تھا، اس دور میں پریس فریڈم تار تار ہوئی، معیشت کا جو برا حشر ہوا وہ بھی سب کے سامنے ہے، گورننس پر بھی سوال اٹھے۔
سہیل وڑائچ نے کہا کہ عمران خان نے اپنے بیان میں جو دعوے کیےہیں وہ سراسر غلط ہیں، ان کے دور حکومت میں گورننس کی بڑی بڑی خامیاں تھیں، معیشت ٹھیک نہیں تھی۔