
پی ٹی آئی چھوڑنے والوں نے جہانگیر ترین سے رابطے شروع کردیئے، پاکپتن سے قومی اسمبلی کے سابق رکن احمد شاہ گھگہ اور پنجاب اسمبلی کے سابق رکن سعید اکبر نوانی نے جہانگیر ترین سے ملاقات کی۔
ذرائع کے مطابق رہنماؤں نے جہانگیر ترین کی نئی پارٹی میں شامل ہونے اور مستقبل کے سیاسی لائحہ عمل پر تبادلۂ خیال کیا،جہانگیر ترین نے پی ٹی آئی کے سابق رہنماؤں سے نئی پارٹی کے نام پر بھی بات چیت کی، ملاقات میں عون چوہدری بھی موجود تھے۔
ذرائع کے مطابق آئندہ دو تین روز میں پی ٹی آئی چھوڑنے والے مزید لوگ جہانگیر ترین سے ملاقاتیں کریں گے،کچھ دن قبل پی ٹی آئی چھوڑنے والے ڈاکٹر امجد نے بھی جہانگیر ترین سے ملاقات کی ہے جس میں سیاسی صورتحال اور آئندہ کے لائحہ عمل پر مشاورت کی گئی، 100 سے زائد سابق اور موجودہ پی ٹی آئی رہنماؤں نے جہانگیر ترین سے رابطے اور ملاقاتیں کی ہیں۔
دوسری جانب بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی صدروزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو اور چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، پی ٹی آئی کو خیر باد کہنے والے سینٹر عبدالقادر بھی موجود تھے،ملاقات میں اہم سیاسی امور اور بلوچستان عوامی پارٹی کی تنظیم نو کا فیصلہ کیا گیا۔