لاہور میں پی ٹی آئی رہنما اور پرائیویٹ اسپتال کے مالک ڈاکٹر شاہد قتل کیس میں پولیس نے پرائیویٹ شوٹرز کو گرفتار کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر شاہد کے قتل میں ملوث مرکزی ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے، آرگنائزڈ کرائم یونٹ(او سی یو)پولیس نے کیس میں ڈاکٹر شاہد صدیق کو قتل کرنے والے پرائیویٹ شوٹرز کو گرفتار کیا ہے ۔
ذرائع کا کہناہے کہ پولیس نے پرائیویٹ شوٹر شہریار اور اس کے ساتھی سجاد کو گرفتار کرکے تفتیش شروع کردی ہے، دوران تفتیش انکشاف ہوا کہ ڈاکٹر شاہد صدیق کے بیٹے قیوم نے پرائیویٹ شوٹرز سے والد کے قتل کی ڈیل کی اور اس کیلئے ایک کروڑ 60 لاکھ روپے کا معاوضہ طے کیا گیا۔
پولیس نے ملزم قیوم کی نشاندہی پر گرفتار 4 ملزمان سے تفتیش کے بعد ملنے والی معلومات کی بنیاد پر پرائیویٹ شوٹرز کو گرفتار کیا۔
خیال رہے کہ لاہور میں پی ٹی آئی کے رہنما اور نجی اسپتال کے مالک ڈاکٹر شاہد صدیق کے قتل کا مقدمہ ان کے بیٹے قیوم کے خلاف دوسرے بیٹے تیمور کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا۔
پولیس کے مطابق جس وقت ڈاکٹر شاہد کو قتل کیا گیا ان کا بیٹا قیوم سامنے کار میں بیٹھ کر اس پورے منظر کو دیکھ رہا تھا، پولیس نے واردات میں استعمال گاڑی برآمد کرکے مرکزی ملزمان شہریار، شہریار کے والد سجاد و چچا شاہد کو گرفتار کرلیا ہے۔