ملتان: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما اور سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی جس طرح بنی اسی طرح ٹوٹی، اس جماعت کا نظریہ 9 مئی کودفن ہوگیا، وہ نظریہ پاکستان کے خلاف تھا۔
نماز عید کی ادائیگی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ میثاق معیشت، الیکشن کی تاریخ اور نگراں سیٹ اپ پر بات ہوگی، جس طرح میثاق جمہوریت ہوا اسی طرح میثاق معیشت ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ سابق دور میں آئی ایم ایف سے ساتویں قسط لے کر وعدہ پورا نہیں کیا گیا، ملک میں معاشی بدحالی ہے لوگ روزگار ہیں، الیکشن وقت پر ہونا چاہیے تاکہ عوام کے مسائل حل ہوں، سیاستدان سر جوڑ کر بیٹھیں اور عوام کی بہتری کا سوچیں۔
رہنما پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ دنیا کے کئی لیڈرز نے عیدیں جیل میں گزاریں، کسی کو تاحیات نااہلی کی سزا نہیں ہونی چاہیے۔
یوسف رضا گیلانی نے اپنے گھر میں آتشزدگی سے متعلق سوال پر بتایا کہ جس کمرے میں آگ لگی اس سے ایک منٹ پہلے نکلا اور اس میں آگ لگ گئی، کمرے میں آگ لگنے کی تحقیقات ہو رہی ہیں، کوئی اسٹوری نہیں بناناچاہتا۔
Source