پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے رکن قومی اسمبلی چوہدری الیاس نے معروف صحافی عمران ریاض خان پر کیس کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے معافی کا مطالبہ کر دیا جس نے سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ چوہدری الیاس نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عمران ریاض خان کبھی کہتے ہیں کہ میں ق لیگ میں ہوں کبھی کہتے ہیں پاکستان مسلم لیگ ن کے ساتھ ہوں،ایسی غلط حرکت کرنا بہت زیادتی کی بات ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں عمران ریاض خان کو تنبیہ کر رہا ہوں کہ اگلے 24 گھنٹے میں اپنی غلط حرکت پر معافی مانگیں اور ایسی معافی مانگیں جس پر ہمیں بھی تسلی ہو، اگر ایسا نہ کیا تو ان کے خلاف سول اور کریمنل کیس بھی کروں گا۔ کہتا ہے کہ میرے 100 ووٹ بھی نہیں ہیں، میرے والد 1947ء کے بعد ایم ایل اے رہے ہیں، میرے بہت سے عزیز ممبر ضلع کونسل رہ چکے ہیں۔
انہوں نے کہا 2008ء میں انتخاب تمام سیاسی جماعتوں کے خلاف آزاد حیثیت میں لڑا تھا جس میں 11ہزار کے قریب ووٹ حاصل کیے ، 2013ء کے انتخابات میں پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر حصہ لیا اور ڈویژن بھر میں دوسرے نمبر پر ووٹ لیے اور وہ کہہ رہے ہیں کہ 100 ووٹ بھی نہیں ہیں۔ عمران ریاض خان نے چند مہینے پہلے میرے مخالف امیدوار کی تعریفیں بھی کی تھیں، میں ان کے خلاف کارروائی کروں گا۔
شمس خٹک نامی صارف نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے اپنے پیغام میں لکھا: یہ موصوف تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی ہیں، چوہدری الیاس ووٹ کے ٹائم پر غائب ہوئے اب عمران ریاض نے پوائنٹ آؤٹ کیا تو کہہ رہے عمران ریاض پر کیس کروں گا! جبکہ اسی پریس کانفرنس میں بیان حلفی بھی اُٹھا سکتے تھے جو کہ پارٹی نے کل سے کہا ہوا ہے!
چوہدری الیاس کی پریس کانفرنس کے ردعمل میں رہنما تحریک انصاف چودھری مونس الٰہی نے لکھا: اس شخص کی مہم چلانے اور ووٹ دینے کے لیے پورے یورپ سے لوگ پاکستان گئے تھے، اگر یہ لوٹا بن گیا ہے تو گجراتی اس کا شکار کریں گے۔
ابوذر سلمان نیازی نے اپنے پیغام میں لکھا: ان کے کام مشکوک ہیں، پارٹی ہدایات کے مطابق آکر حلف نامہ جمع کروائیں ورنہ نہ صرف پارٹی بلکہ ان کے حلقے کے عوام ان کا احتساب کریں گے!
سینئر صحافی عمران ریاض خان نے بھی چوہدری الیاس کی پریس کانفرنس پر ردعمل جاری کر دیا اور لکھا: جن سے اجازت لے کر اور ڈیل کر کے یہ شخص پاکستان آیا ہے انہوں نے پہلے ہی مجھ پر تین درجن مقدمات کروا رکھے ہیں، آج بھی ایک ضمانت کروائی ہے۔ یہ مہرہ بھی اپنا شوق پورا کر لے، مقدمہ کروانا ہے تو ان پر کروائو جنہوں نے اغوا کیا تھا۔
انہوں نے لکھا: کیا یہ شخص عمران خان کے نام پر جیت کر چوہدری شجاعت کی پارٹی میں لوٹا بن کر نہیں گیا؟ کیا اس نے ابھی تک الیکشن کمیشن کے خلاف کوئی کاروائی کی ہے؟ اس کی دو نمبری کے تو اتنے ثبوت ہیں کہ طبیعت صاف ہو جائے گی، موصوف کی۔