صدر پاکستان پیپلز پارٹی سندھ و سینیٹرنثارکھوڑو کی طرف سے آج بلاول ہائوس کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کراچی کیلئے میئر وڈپٹی میئر کے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا گیا
ہے۔ میئر کراچی کیلئے پیپلزپارٹی کی طرف سے بیرسٹر مرتضی وہاب اور ڈپٹی میئر کیلئے سلمان عبداللہ مراد کو نامزد کیا گیا ہے۔ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب ایڈمنسٹریٹر کراچی کے طور پر کام رہے تھے جس کے باعث وہ بلدیاتی انتخابات میں حصہ نہیں لے پائے تھے۔
پریس کانفرنس میں نثار کھوڑو سے صحافی نے سوال کیا کہ مرتضیٰ وہاب نے بلدیاتی الیکشن میں حصہ ہی نہیں لیا تو وہ میئر کیسے بن سکتے ہیں؟ جس پر نثار کھوڑو کا کہنا تھا کہ ایک نیا قانون بنایا گیا ہے جس کے مطابق کوئی غیرمنتخب شخص بھی میئر کے انتخاب میں حصہ لے سکے گا۔ میئر کے انتخاب کیلئے غیرمنتخب شخص پر 6 مہینوں کے اندر اندر کسی سیٹ پر انتخابات لڑ کر کامیاب ہونے کی شرط عائد ہو گی۔
قبل ازیں پیپلزپارٹی کی طرف سے میئر کراچی کیلئے مضبوط امیدوار کے طور پر نجمی عالم کا نام جا رہا تھا جو اس سے پہلے یوسی چیئرمین بھی منتخب ہو چکے تھے اور پیپلزپارٹی کے صدر بھی رہ چکے ہیں۔ پارٹی کی طرف سے مرتضیٰ وہاب کی نامزدگی پر نجمی عالم نے انہیں مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی سیٹ چھوڑ کر مرتضیٰ وہاب کو یوسی چیئرمین منتخب کروانے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔
میئر کراچی کیلئے نامزدگی پر مرتضیٰ وہاب نے ٹویٹر پیغام پر پارٹی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی پارٹی اور عوا م کی توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے۔ میئر کراچی کے عہدے کیلئے پارٹی کی طرف سے مجھے نامزد کیا جانا بڑا اعزاز ہے جس پر وہ چیئرمین بلاول بھٹو، شریک چیئرمین آصف علی زرداری، ادی فریال تالپور صاحبہ اور پارٹی کی پوری قیادت کے شکرگزار ہیں !
انہوں نے اپنے پیغام میں لکھا کہ: میں پاکستان پیپلز پارٹی کے تمام کارکنوں کا خصوصی شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے بلدیاتی انتخابات جیتنے کے لیے بہت محنت کی۔ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ہم سب مل کر کراچی کیلئے کام کریں گے، سیوریج، پانی، ٹرانسپورٹ اور روڈ انفرسٹریکچر کو بہتر کریں گے۔ مزید کہا کہ نوجوانوں کو فنی تربیت فراہم کریں گے اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی رہنمائی میں عوام کی خدمت کریں گے، جئے بھٹو۔