پیرس اولمپکس،ٹرانس جینڈر تنازع پر میچ چھوڑنے والی خاتون باکسر کیلئےبڑااعلان

11emmakhaliekfjjd.png


پیرس اولمپکس 2024ء کے ایونٹ میں ٹرانسجینڈر تنازع پر میچ چھوڑنے والی خاتون باکسر کو بھی انعام دینے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

بین الاقوامی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق پیرس اولمپکس 2024ء میں انٹرنیشنل باکسنگ ایسوسی ایشن (آئی بی اے) کی طرف سے باکسنگ کے رائونڈ آف 16 کے ایک مقابلے میں 46 سیکنڈز میں الجزائر کی باکسر ایمان خلیف سے شکست کا سامنا کرنے والی اٹلی سے تعلق رکھنے والے خاتون باکسر اینجلا کیرینی کو 50 ہزار ڈالر انعامی رقم دینے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

پیرس اولمپکس کے ایونٹ میں اس میچ کے دوران صنفی تنازع کا شکار ہونے والی الجزائر کی خاتون باکسر نے اٹلی کی اینجلا کیرینی پر پے درپے مکوں کے وار کر کے صرف 46 سیکنڈ کے اندر انہیں شکست دے دی تھی۔ انٹرنیشنل باکسنگ ایسوسی ایشن جس سے گزشتہ سال انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے عالمی شناخت چھین لی تھی نے اعلان کیا کہ کیرینی کو 50 ہزار ڈالر دیئے جائیں گے۔

انٹرنیشنل باکسنگ ایسوسی ایشن کی طرف سے اٹلی کی فیڈریشن کو 25 ہزار ڈالر اور اس کے ساتھ ساتھ اینجلا کیرینی کے کوچ کو بھی 25 ہزار ڈالر کی اضافی رقم دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔ صدر آئی بی اے عمر کریملیو کا کہنا تھا کہ مجھے سمجھ نہیں آتی کہ خواتین کی باکسنگ کو ختم کیوں کیا گیا؟ اہل کھلاڑی کی حفاظت کیلئے رنگ میں مقابلہ ہونا چاہیے، میں ان کے آنسو نہیں دیکھ سکتا۔


واضح رہے کہ الجزائر سے تعلق رکھنے والے خاتون باکسر ایمان خلیف اور تائیوان کی باکسنگ ورلڈ چمپئن لن یوٹنگ کو 2023ء میں ہونے والی ورلڈ چمپئن شپ میں آئی بی اے کے اہلیت کے قواعد وضوابط کے مطابق ناکامی کے باوجود پیرس اولمپکس میں مقابلہ کیلئے کلیئرنس دی گئی تھی۔ آئی بی اے قوانین کے مطابق ایک وائی کروموسومز خصوصیات کی حامل کھلاڑی خواتین کے باکسنگ مقابلے میں شرکت نہیں کر سکتی۔


پچھلے سال آئی او سی نے گورننس مسائل کی وجہ سے باکسنگ گورننگ باڈی کے طور پر انٹرنیشنل باکسنگ ایسوسی ایشن سے اس کی شناخت چھینی تھی اور پیرس اولمپکس 204ء کے مقابلوں کی ذمہ داری خود سنبھال لی تھی لیکن اب اس مقابلے کے بعد یہ تنازع سامنے آگیا ہے۔