
نارووال کی تحصیل شکرگڑھ کے تھانہ سٹی میں تعینات اسسٹنٹ سب انسپکٹر پولیس کی تحویل میں موجود موٹرسائیکلوں کے قیمتی اور کارآمد پُرزہ جات چوری کرتا ہوا پکڑا گیا۔
تفصیلات کے مطابق شکر گڑھ کے علاقہ ہجویر نگر میں چوری شدہ موٹرسائیکل کے پُرزے اتروا کر اپنی موٹرسائیکل کو ڈلوانے والا اے ایس آئی پکڑا گیا۔ ملزم کی شناخت اسسٹنٹ سب انسپکٹر عمران کے نام سے ہوئی ہے۔
متاثرہ شہری کی پولیس کو دی گئی درخواس کے مطابق اس نے تھانہ سٹی میں موٹرسائیکل چوری کی درخواست دے رکھی ہے اس درخواست کے مطابق اس کے گھر چوری ہوئی جس میں چور پرائز بانڈز، ڈیڑھ لاکھ نقدی، طلائی زیورات اور موٹرسائیکل چوری کر کے لے گئے۔
اے ایس آئی عمران کیخلاف دی گئی درخواست میں متاثرہ شہری نے مؤقف اپنایا ہے کہ اسے دوپہر کے وقت معلوم ہوا کہ اس کی چوری کی گئی موٹرسائیکل عمران نامی اسسٹنٹ سب انسپکٹر نے مکینک کو دے رکھی ہے تاکہ اس کے کارآمد اور قیمتی نئے پرزے نکال کر وہ اس پولیس افسر کی موٹرسائیکل میں فِٹ کر دے۔
ابتدائی تفتیش میں پتہ چلا ہے کہ ملزم پولیس افسر نے مکینک کو پارٹس تبدیل نہ کرنے کی صورت میں سنگین نتائج کی دھمکیاں دی تھیں۔
پولیس نے تصدیق کی ہے کہ انہیں اے ایس آئی عمران کے خلاف مقدمے کے اندراج کیلئے درخواست دی گئی تاہم ابھی تک مقدمہ درج نہیں کیا گیا۔ درخواستگزار شہری کا کہنا ہے کہ پولیس اپنے پیٹی بھائی کو بچانے میں مصروف ہے اسی لیے اس کے خلاف مقدمہ درج نہیں کیا گیا۔