ایک طرف نااہلی اور بدنظمی پر چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے الیکشن کمیشن کے 3 افسران کو معطل کر دیا ہے تو دوسری طرف سٹرانگ روم میں پولنگ بیگز کو نقصان پہنچنے کے معاملے پر معطل کیے گئے سابق ڈائریکٹر ایڈمن اظہر حسین ٹنواری کا ایس ایچ او تھانہ بن قاسم کو لکھا گیا مراسلہ سامنے آگیا ہے۔
مراسلے میں سابق ڈائریکٹر ایڈمن اظہر حسین ٹنواری نے بتایا کہ سٹرانگ روم پہنچنے کے بعد میں نے خود جائزہ لیا تو پتا چلا کہ رپورٹ کیا گیا واقعہ حقائق پر مبنی ہے۔
معطل آفیسر اظہر حسین ٹنواری نے مراسلے میں لکھا کہ اجازت لے کر سٹرانگ روم کے نئے تالے توڑ کر کمرے کا جائزہ لینے پر پتا چلا کہ کچھ پولنگ سٹیشنز کے بیگز کو نقصان پہنچایا گیا تھا۔
سٹرانگ روم میں صبح کے اوقات میں تعینات پولیس اہلکار نے اس پر تحریری بیان نہیں دیا تاہم متعلقہ تھانہ کے ایس ایچ او نے کہا کہ انہوں نے سٹرانگ روم کی سکیورٹی صرف آدھے گھنٹے کے لیے ہٹائی تھی۔
مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ چوکیدار کا بیان اصل حالات سے مختلف ہے کیونکہ چوکیدار نے اپنے بیان میں کمرے کا کوئی بھی تالا تبدیل ہونے سے انکار کیا اور کہا کہ رات کی شفٹ پر پولیس اہلکار دستیاب ہی نہیں تھے۔ چیف الیکشن کمشنر کی طرف سے نااہلی اور بدنظمی کے معاملے پر الیکشن کمیشن کے 3 افسروں کو 4 مہینوں کے لیے معطل کیا گیا تھا جن میں اظہر حسین ٹنواری بھی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے صوبائی الیکشن کمشنر سندھ شریف اللہ، ڈائریکٹر ایڈمن اظہر حسین اور الیکشن آفیسر کراچی خدابخش کو معطل کر کے باضابطہ نوٹیفیکیشن جاری کیا تھا اور ہدایت کی گئی تھی کہ تینوں افسران انکوائری مکمل ہونے تک کراچی میں رہیں۔ یاد رہے کہ 17 ستمبر کی رات کو پپری کراچی میں سٹرانگ روم کے تالے توڑ کر مختلف پولنگ سٹیشنز کے بیگز کو نقصان پہنچایا گیا جس کی تحقیقات کیلئے کمیٹی قائم کی گئی ہے۔