پنجاب کے شہریوں پر دوسرے صوبوں،وفاق میں گاڑی رجسٹر کروانے پر پابندی

num-plate.jpg


حکومت پنجاب نے گاڑیوں کی رجسٹریشن سے متعلق ایک بڑا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت پنجاب کے شہری اب دوسرے صوبوں یا وفاق میں گاڑی رجسٹر نہیں کروا سکیں گے۔ یہ اقدام صوبے میں ٹیکس وصولی میں بہتری اور سیکیورٹی کے مسائل کو حل کرنے کے لئے اٹھایا گیا ہے۔

ایکسائز کے حکام کے مطابق، محکمہ ایکسائز نے اس فیصلے کے لئے پنجاب کی کیبنٹ سے منظوری حاصل کر لی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ شہری اکثر ٹیکس بچانے کی غرض سے دوسری صوبوں یا وفاقی علاقوں میں اپنی گاڑیاں رجسٹر کرواتے ہیں، جس کی وجہ سے پنجاب میں ٹیکس وصولی متاثر ہوتی ہے اور سیکیورٹی مسائل پیدا ہوتے ہیں۔

نئے قانون کے تحت، کسی بھی شہری کو دوسرے صوبے میں اپنی گاڑی کی رجسٹریشن کروانے پر جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ اس اقدام میں نادرا کے ضلعی کوڈز کو مدنظر رکھتے ہوئے رجسٹریشن کو کنٹرول کیا جائے گا۔ اگر کسی گاڑی کی پنجاب میں دوبارہ رجسٹریشن کی گئی تو یہ عمل بھی قانون کے تحت ہوگا، جس پر عمل نہ کرنے کی صورت میں گاڑی کو بند کیا جا سکتا ہے اور ساتھ ہی جرمانہ بھی وصول کیا جائے گا۔

ایکسائز حکام نے وضاحت کی ہے کہ کیبنٹ کی منظوری کے بعد اس فیصلے کی قانونی شکل دینے کے لئے سمری حکومت کو بھجوائی جا رہی ہے۔ یہ اقدام ٹیکس چوری کو روکنے اور پنجاب کی معیشت کو مستحکم کرنے کے لئے ایک مثبت قدم سمجھا جا رہا ہے۔
 

Back
Top