پشاور کی معروف ٹک ٹاکر سیما گل، جو سائیکو ارباب کے نام سے مشہور تھیں، پراسرار حالات میں جاں بحق ہوگئی ہیں۔
پولیس نے بتایاکہ ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا ہے کہ ٹک ٹاکر کی موت زائد مقدار میں نشہ آور گولیاں کھانے سے ہوئی
سیما گل کے بھائی محمد یاسین نے تھانہ مچنی گیٹ پولیس کو دیے گئے بیان میں بتایا کہ انہیں اطلاع ملی کہ ان کی بہن گھر پر، جو ورسک روڈ پر واقع ہے، طبیعت بگڑنے کے بعد انتقال کرگئی۔
انہوں نے یہ خدشہ بھی ظاہر کیا کہ سیما گل کی موت نشہ آور چیز کے استعمال کی وجہ سے ہوئی ہو سکتی ہے، لیکن ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ یہ طبعی موت بھی ہو سکتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ خاندان کا کسی سے کوئی دشمنی یا تنازعہ نہیں ہے۔
پولیس کے مطابق، سیما گل کی نعش کو پوسٹ مارٹم رپورٹ کے لیے منتقل کر دیا گیا ہے، اور گھر سے اہم شواہد بھی اکٹھے کر لیے گئے ہیں۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد ہی موت کی اصل وجہ کا تعین کیا جا سکے گا۔