
وزیردفاع پرویز خٹک نے ق لیگ سے متعلق بلیک میلنگ کا بیان دینے کی تردید کردی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں مسلم لیگ (ق) کے رہنما چوہدری مونس الہیٰ نے ایک ویڈیو شیئر کی جس میں نجی ٹی وی کی جانب سے دعویٰ کیا جارہا ہے کہ وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا ہے کہ پنجاب میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت بنتی ہے تو بن جائے، لیکن 5 سیٹوں پر وزیراعلیٰ بنانے کا مطالبہ بلیک میلنگ ہے۔
ویڈیو پوسٹ کرنے کے ساتھ ہی ق لیگ کے رہنما اور وفاقی وزیر مونس الہیٰ نے لکھا کہ پرویز خٹک سے رابطہ ہے اور ہر دوسرے دن بات ہوتی ہے، اس ویڈیو پر خود پرویز خٹک وضاحت پیش کریں۔
جس کے بعد وزیر دفاع پرویزخٹک نے مسلم لیگ ق کے حوالے سے چلنے والی خبروں سے متعلق سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا پر ایسا کوئی بیان جاری نہیں کیا۔
انہوں نے میڈیا پر چلنے والی خبریں من گھڑت اور بے بنیاد قرار دی ہیں۔ وزیر دفاع نے کہا کہ مسلم لیگ(ق) ہماری اتحادی تھی ہے اور رہے گی، اس جماعت نے ہرمشکل وقت میں وزیراعظم عمران خان کا ساتھ دیا ہے، اور اب بھی چوہدری برادران ہمارے ساتھ کھڑے ہیں۔