پرویز الہیٰ کی پسلیوں میں فریکچر کی سی ٹی اسکین میں تصدیق

pervhi11h.jpg


سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ کی پسلیوں میں فریکچر کی سی ٹی اسکین رپورٹ میں تصدیق ہوگئی ہے۔

تفصیلات کے مابق پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ کی سی ٹی اسکین رپورٹ ڈاکٹرز کو موصول ہوگئی ہے جس کے بعد ڈاکٹرز نے چوہدری پرویز الہیٰ کو مزید دو سے تین روز تک انڈر آبزرویشن رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ چوہدری پرویز الہیٰ کا جنرل سرجری، کارڈیک اور پلمونولوجی کے اسپیشلسٹ ڈاکٹرز نے معائنہ کیا ہے، ڈاکٹرز نے چوہدری پرویز الہیٰ کی مجموعی صحت کو تسلی بخش قرار دیا، اسپتال ذرائع کے مطابق چوہدری پرویز الہیٰ کو کمر اور پسلیوں میں درد کی شکایت رہتی ہے اور انہیں شدید نقاہت محسوس ہوتی ہے۔

چوہدری پرویز الہیٰ کی سی ٹی اسکین رپورٹ ڈاکٹرز کو موصول ہوئی ہے جس میں ان کی پسلیوں میں فریکچر کی تصدیق بھی ہوئی ہے، ڈاکٹرز نے چوہدری پرویز الہیٰ کو مکمل آرام کرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔

خیال رہے کہ چوہدری پرویز الہیٰ کو گزشتہ رات پسلیوں میں شدید درد محسوس ہوا تھا جس کے بعد پولیس نے انہیں چیک اپ کیلئے اڈیالہ جیل سے پمز اسپتال منتقل کیا، اسپتال میں چوہدری پرویز الہیٰ کا ایم آر آئی اور سی ٹی اسکین کیا گیا، جیل حکام کے مطابق چوہدری پرویز الہیٰ چند روز قبل جیل میں گرنےسے زخمی ہوگئے تھے ، گرنے سے ان کی کمر، سر اور آنکھ پر چوٹ آئی تھی۔