پرویزخٹک کا اسلام آباد کے مرکزی راستوں کو 12 مقامات سے بند کرنے کا اعلان

khatak-pervaiz-block-road-islamabad-d.jpg


سابق وزیر دفاع و پاکستان تحریک انصاف کے رہنما پرویز خٹک نے اعلان کیا ہے کہ پی ٹی آئی کے کارکن آج رات سے اسلام آباد کے داخلی وخارجی راستے بند کریں گے۔ انہوں نے تمام ارکان اسمبلی اور بلدیاتی نمائندوں کو پارٹی قیادت کے ساتھ ملکر لانگ مارچ کی ہدایت دی۔

تفصیلات کے مطابق آج جڑواں شہر راولپنڈی میں بھرپور احتجاج کیا جائیگا۔ پی ٹی آئی کی جانب سے جن سڑکوں کو بند کرنے کا اعلان کیا گیا ہے ان میں جی ٹی روڈ، ٹیکسلا، واہ، مارگلہ چوک، ترنول روات ٹی چوک اور موٹر وے چوک کو بند کیا جائے گا،

اس کے علاوہ مری روڈ، آئی جے پی فیض انٹرچینج، کرال چوک کھنہ پل، پرانا ایئرپورٹ روڈ پر دھرنے دے کر احتجاج کیا جائے گا۔ احتجاج کے لیے پارٹی رہنماؤں نے کارکنوں کو مقررہ مقامات پر پہنچنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔

12 مقامات پر ہونے والے احتجاج اور مظاہروں کی قیادت پی ٹی آئی رہنما غلام سرور خان، واثق قیوم عباسی، عامر کیانی، راجا بشارت، راجا ناصر، راشد شفیق، حاجی امجد، عارف عباسی، محمد علی، ماجد حسین ودیگر کریں گے۔

دوسری جانب اسلام آباد پولیس نے کہا ہے کہ بلا اجازت احتجاج پر کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور جن کارکنان کی شناخت کی جاچکی ہے انکی گرفتاری کیلئے کارروائی جاری ہے۔ ایئرپورٹ، موٹروے تک آمدورفت کے راستوں کی نگرانی کی جائیگی، تمام سیاسی لوگ انتظامیہ سے اجازت کے بعد مختص مقام پر احتجاج کریں۔

یاد رہے کہ پی ٹی آئی کے دوبارہ لانگ مارچ شروع کرنے کے اعلان کے بعد گزشتہ رات اسلام آباد میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کا اہم اجلاس ہوا ہے۔اجلاس میں لانگ مارچ کے حوالے سے راستوں کی ممکنہ بندش اور پی ٹی آئی کے اہم رہنماؤں کے خلاف کریک ڈاؤن کرکے انہیں گرفتار کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔