پرویزالٰہی کے متنازعہ بیان پر فوادچوہدری کی اہلیہ اور بھائی نے کیا کہا؟

perv1h1i11.jpg

تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کی اہلیہ حبا فواد نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کی آڈیو لیک پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس نازیبا گفتگو کی مذمت کرتی ہوں۔

ایک نجی چینل پر اپنا مؤقف دیتے ہوئے حبا فواد نے کہا کہ یہ ناقابلِ قبول ہے کہ پرویز الٰہی فواد چوہدری پر الزام لگائیں کہ ہمیں حکومت کرنے دیں کیونکہ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب رہنا تھا۔

حبا فواد نے کہا کہ پرویز الٰہی الزام لگا رہے ہیں کہ فواد چوہدری نے اسمبلی تحلیل کروائی ہے، وہ پارٹی پالیسی کے ساتھ کھڑے نہیں تھے ، فواد چوہدری کا اس میں اپنا ذاتی مفاد نہیں تھا۔

انہوں نے کہا کہ اگر آج آپ یہ کہہ رہے ہیں کہ اسمبلی تحلیل نہیں کرنی چاہیے تھی تو آپ تحریک انصاف کے نظریے اور پالیسی کے ساتھ نہیں ہیں۔

حبا فواد نے کہا کہ پرویز الٰہی کی گفتگو سے میرے اور میرے بچوں کے جذبات مجروح ہوئے۔ جس طرح کی پرویز الٰہی نے زبان استعمال کی کیا انہیں اور ان کی عمر کو جچتا ہے، انہوں نے شرمناک رویہ اختیار کیا۔

دوسری جانب فوادچوہدری کے بھائی فیصل چودھری کا کہنا ہے کہ میرے بھائی فواد چودھری کی گرفتاری پر پرویز الٰہی صاحب کو خوشی ہوئی ہو گی لیکن میں پرویزالٰہی اور انکے بچوں کے لئے دعاگو ہوں اللہ انہیں خوش رکھے
https://twitter.com/x/status/1618681724971503616
یاد رہے کہ تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کی گرفتاری کے بعد سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کی آڈیو لیک ہوگئی جو سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہے۔

آڈیو لیک میں سنا جاسکتا ہے کہ پرویز الٰہی نے کہا کہ فواد چوہدری کو دیر سے گرفتار کیا گیا۔ پرویز الٰہی نے کہا کہ فواد چوہدری کو ایک مہینہ پہلے گرفتار کر لیتے تو اسمبلیاں نہ ٹوٹتیں۔ آڈیو میں فواد چوہدری کے لیے نازیبا الفاظ کا بھی استعمال کیا گیا۔