پرائیویٹ بھی حج ناقابل یقین حد تک مہنگا ہونے کا امکان

hajj-pakistan-private.jpg


پرائیویٹ حج بھی ناقابل یقین حد تک مہنگا ہوجائے گا

وزارت مذہبی امور نے حج کوٹے کا نصف نجی حج اسکیم کے لیے مختص کردیا،دوسری جانب پرائیویٹ حج ناقابل یقین حد تک مہنگا ہونے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق رواں برس حج کے لیے پاکستان کا کوٹہ ایک لاکھ 79 ہزار 210 ہے اور وزارت مذہبی امور نے اس کوٹے کا نصف نجی اسکیم کے تحت فریضہ حج ادا کرنے والوں کے لیے مختص کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وزارت مذہبی امور نے پرائیویٹ حج آپریٹرز کے لیے 12 پیکیجز مقرر کر دیئے، سب سے سستا حج پیکیج 11 لاکھ 80 ہزار روپے اور مہنگا ترین پیکیج ساڑھے 32 لاکھ روپے سے بھی زائد کا مقرر کیا گیا ہے۔

وزارت نے پرائیویٹ حج کی مانیٹرنگ کے لیے جامع حکمت عملی طے کر لی ہے اور وزارت مذہبی امور کے ذرائع کے مطابق پرائیویٹ حج کی نگرانی کی جائے گی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے جب کہ قواعدو ضوابط کی خلاف ورزی پر سزائیں بھی دی جائیں گی۔

وزارت مذہبی امور کی جانب سے نجی حج کوٹہ مختص کیے جانے کے بعد رواں سال پرائیویٹ حج اسکیم کے تحت 89 ہزار 605 عازمین فریضہ حج ادا کر سکیں گے،سعودی حکومت پاکستان کا پرانا حج کوٹہ بحال کرچکی ہے، سعودی حکومت نے عازمین حج کے لئے عمر کی حد بھی ختم کر دی۔