پاک افغان بارڈر پر طالبان کی ایک بار پھر بلاشتعال فائرنگ، پاک فوج کی بھرپور جوابی کارروائی، 16 طالبان ہلاک
پاک افغان سرحد پر طالبان کی بلا اشتعال فائرنگ کا سلسلہ مسلسل تیسرے روز بھی جاری رہا، پاک فوج کی جوابی کارروائی میں اب تک 16 طالبان ہلاک اور 27 زخمی ہوچکے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق 7 ستمبر کی صبح سے سرحد پار افغان علاقے پلوسین سے پاکستانی چیک پوسٹوں پر بلا اشتعال فائرنگ شروع ہوئی جو 8 اور 9 ستمبر کی شام تک جاری رہی، بڑے ہتھیاروں سے ہونے والی اس فائرنگ سے پاکستانی چیک پوسٹوں کو شدید نقصان پہنچا۔
پاک فوج نے افغان جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا اور بھرپور جوابی کارروائی کی جس سے افغان طالبان کو بھاری نقصان پہنچا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اطلاعات ہیں کہ اب تک 16 افغان طالبان ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ 27 زخمی ہیں اور اس دوران افغان طالبان کے 2 ٹینک بھی تباہ ہوگئے ہیں۔
سیکیورٹی فورسز کا کہا ہے کہ سرحد پر کسی بھی قسم کی بلا اشتعال جارحیت کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔