پاکستان کے کاروباری اداروں کے اعتماد میں اضافہ،او آئی سی سی آئی کا دعویٰ

1747974912869.png

پاکستان میں کاروباری اداروں کے اعتماد میں نمایاں بہتری ریکارڈ کی گئی ہے۔ اوورسیز انویسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (OICCI) کی جانب سے جاری کردہ بزنس کانفیڈینس انڈیکس (BCI) سروے کے مطابق کاروباری اعتماد میں 16 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

او آئی سی سی آئی کے مطابق، گزشتہ سال اکتوبر اور نومبر میں کیے گئے سروے میں منفی 26 فیصد اعتماد کے مقابلے میں رواں سال کا انڈیکس مثبت 11 فیصد تک پہنچ گیا ہے، جو کہ کاروباری ماحول میں بہتری کا واضح اشارہ ہے۔

سروے کے نتائج کے مطابق: مینوفیکچرنگ سیکٹر کا اعتماد منفی 3 فیصد سے بڑھ کر مثبت 15 فیصد ہو چکا ہے، جو کہ انڈیکس میں سب سے نمایاں بہتری ہے۔ ریٹیل اور ہول سیل سیکٹر کا اعتماد منفی 18 فیصد سے مثبت 2 فیصد ہو گیا ہے۔

سروسز سیکٹر میں بھی استحکام دیکھا گیا، جہاں اعتماد 2 فیصد سے بڑھ کر مثبت 10 فیصد پر پہنچ گیا۔او آئی سی سی آئی کے صدر یوسف حسین نے سروے کے نتائج پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ:

“گزشتہ دو سالوں میں کاروباری اداروں کے مجموعی اعتماد میں واضح بہتری آئی ہے، اور اہم معاشی شعبوں میں مثبت رجحان خوش آئند ہے۔”

انہوں نے زور دیا کہ اس رجحان کو برقرار رکھنے کے لیے حکومت کو پالیسیوں میں مستقل مزاجی اور شفافیت کو یقینی بنانا ہوگا تاکہ مقامی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد مزید مستحکم ہو سکے۔

او آئی سی سی آئی پاکستان میں کام کرنے والے بڑے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کی نمائندہ تنظیم ہے، جو ملکی معیشت میں سرمایہ کاری، کاروباری ماحول، اور پالیسی اصلاحات پر مستقل نظر رکھتی ہے۔
 

Back
Top