واشنگٹن (92 نیوز) امریکا میں پاکستان کے سفیر علی جہانگیر صدیقی نے کہا کہ پاکستان کیلئے امریکا میں دروازے بند نہیں۔ واشنگٹن حکام کے رویے میں پاکستان کے بارے میں مخالفت نہیں دیکھی۔
امریکی نیوز چینل بلوم برگ کو انٹرویو میں علی جہانگیر صدیقی نے کہا کہ اُن کی وائٹ ہاؤس حکام سے فوجی امداد پر نہیں بلکہ باہمی تعاون ،معیشت اور تجارت پر بات ہوئی۔ افغانستان میں امن جیسے اہم ایجنڈے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایک سوال پر پاکستانی سفیر نے کہا کہ بیس سالوں میں پاکستانی معشیت نے بے پناہ ترقی کی جس کا یورپی اور ایشیائی کمپنیوں نے فائدہ اٹھایا۔پاکستان میں دہشتگرد کارروائیوں میں اسی فیصد کمی آئی، اب امریکا کو بھی وہاں سرمایہ کاری کرنی چاہیے۔
علی جہانگیر صدیقی نے کہا کہ پاکستان کیلئے چین اور امریکا دونوں اہم ہیں، پاکستان بھارت اور امریکا کے درمیان تعلقات کو خاص نظر سے نہیں دیکھتا، اسی لیے چین سے تعلقات کو بھی خاص نظر سے نہیں دیکھنا چاہیے۔
علی جہانگیر صدیقی نے مزید کہا کہ پاکستان نےایف اے ٹی ایف سے 15 ماہ کا ٹائم ٹیبل طے کیا ہے، معیار پر پورا اتر کر گرے لسٹ سے باہر آجائیں گے ۔
Source/92-News