ورلڈ بینک کی جانب سے پاکستان کو آئندہ پانچ برسوں کے دوران 8 ارب 70 کروڑ ڈالر کا قرض ملے گا۔
تفصیلات کے مطابق اقتصادی امور ڈویژن کی ورلڈ بینک سے ملنے والی مالی امداد کے حوالے سے کچھ دستاویزات سامنے آئی ہیں جن میں کہا گیا ہے کہ اس وقت پاکستان میں ورلڈ بینک کے تعاون سے تقریبا 58 منصوبے جاری ہیں، ان منصوبوں کی مجموعی لاگت 14 ارب 80 کروڑ ڈالر ہے جس میں سے پاکستان کو 6 ارب 16 کروڑ ڈالر کی رقم مل چکی ہے۔
دستاویزات کے مطابق منصوبوں کی تکمیل کیلئے ورلڈ بینک 2029 تک پاکستان کو مزید 8ارب 70 کروڑ ڈالر کا قرض فراہم کرے گا،جس میں داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے فیزون کیلئے 1ارب ڈالر کی اضافی فناسنگ بھی شامل ہے۔
اقتصادی امور ڈویژن کے مطابق پاکستان کو ورلڈ بینک سے داسو ٹرانسمیشن لائن منصوبے کیلئے 70 کروڑ، داسو ہائیڈرو پاور اسٹیج ون پراجیکٹ کیلئے 58 کروڑ ڈالر84 لاکھ ڈالر ملیں گے، جبکہ سندھ فلڈ ایمرجنسی بحالی منصوبے کیلئے 50کروڑڈالر، سندھ میں ہاؤسنگ منصوبے کیلئے 50 کروڑ، پختونخوا میں اخراجات اور ترقیاتی منصوبے شروع کرنے کیلئے 40 کروڑ ڈالر کا قرض بھی ملے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہورلڈ بینک سے خیبر پاس اکنامک کارویڈور منصوبے کیلئے 46 کروڑ ڈالر کا قرض ملنے کا بھی امکان ہے جبکہ کے پی کے میں ہائیڈرو اور قابل تجدیدانرجی کیلئے 45 کروڑ ڈالر کے منصوبے کیلئے رقم ملے گی، اعلی تعلیم کی ترقی کے منصوبے کیلئے 40کروڑ ڈالر، تربیلا فور توسیعی منصوبے کیلئے 39 کروڑ ڈالر، کے پی کے میں دیہی علاقوں تک رسائی کیلئے 30 کروڑ ڈالر ، نیشنل ہیلتھ سپورٹ پراجیکٹ فیز ون کیلئے 25 کروڑ 80 لاکھ ڈالر جبکہ پنجاب کے دیہی علاقوں میں پانی کی فراہمی کے منصوبے کیلئے 44 کروڑ ڈالر ملے گی۔