پاکستان سے افغان مہاجرین کی واپسی کا سلسلہ جاری ہے, افغان مہاجرین کی واپسی کے لئے امریکہ سے تعاون مانگ لیا,وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام سے پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات میں افغان مہاجرین کی بہبود، بحالی اور دو طرفہ تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
امیر مقام نے میزبان کمیونٹیز کے لیے امریکی امداد میں اضافے اور مہاجرین کی واپسی کے لیے افغانستان میں سازگار حالات پیدا کرنے کی کوششوں پر زور دیا,امریکی سفیر نے پاکستان کی اقتصادی ترقی بالخصوص ٹیکسٹائل برآمدات بہتر بنانے میں تعاون کے امریکی عزم کا اعادہ کیا۔
امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے افغان شہریوں کی میزبانی کی حمایت میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔ملاقات میں دونوں فریقین کی جانب سے جاری تعاون کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ ڈونلڈ بلوم نے پاکستان بالخصوص خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی کے شدید اثرات کا اعتراف کیا۔
اعلامیہ کے مطابق وفاقی وزیر امیر مقام نے تعاون میں اضافے اور مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔
پاکستان کے ساتھ امریکہ کے دیرینہ تعاون پر اظہار تشکر کرتے ہوانجینئر امیر مقام نے کہا 2001 سے پاکستان میں دہشت گردی کی وجہ سے 70 ہزار سے زائد جانیں ضائع ہوئیں, پاکستان کا 150 ارب ڈالر سے زیادہ کا معاشی نقصان ہوا۔ عالمی برادری دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کوششوں کو تسلیم کرے۔وفاقی وزیر امیر مقام نے افغان مہاجرین کی واپسی میں امریکہ اور دیگر عالمی شراکت داروں کی مدد کی ضرورت پر زور دیا۔