اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے چیئرمین میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمان نے کہا ہے کہ ملک میں 5 جی انٹرنیٹ سروس اپریل 2025 تک متعارف کروا دی جائے گی۔ انہوں نے یہ بات قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے آئی ٹی اور ٹیلی کام کے اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے کہی۔
پی ٹی اے کے چیئرمین نے مزید بتایا کہ 5 جی سروس کی تعارف کے لیے نیلامی کا عمل جاری ہے، جس کے ذریعے نئی کمپنیوں کو ٹیلی کام مارکیٹ میں لانے کی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ صارفین کو بہتر سہولتیں فراہم کی جا سکیں اور ٹیلی کام مارکیٹ کو مزید وسعت دی جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں سب میرین کیبل کی بحالی کا عمل جاری ہے، جس کی تکمیل 27 اگست 2025 تک متوقع ہے۔ چیئرمین پی ٹی اے نے یقین دلایا کہ سروسز کی اپ گریڈیشن کے باوجود کسی قسم کے خلل کی توقع نہیں ہے، اور صارفین کو بہتر انٹرنیٹ سروسز میسر آئیں گی۔