بالی ووڈ کے نغمہ نگار جاوید اختر ایک بار پھر پاکستان کے خلاف زہر اگلنے لگے ۔ کہتے ہیں کہ اگر پاکستان اور جہنم میں کسی ایک چیز کا انتخاب کرنا پڑا تو جہنم کا انتخاب کروں گا۔
ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جاوید اختر نے دعویٰ کیا کہ انہیں دونوں طرف کے شدت پسندوں کی طرف سے گالیاں دی جاتی ہیں۔ انہیں ایک طرف کے لوگ کہتے ہیں کہ وہ کافر ہیں اور جہنم میں جائیں گے۔ دوسری طرف کے لوگ کہتے ہیں " جہادی، پاکستان چلا جا۔"
جاوید اختر کا کہنا تھا کہ یہ اچھی بات ہے کہ انہیں دونوں طرف سے گالیاں دی جاتی ہیں۔ اگر ایک طرف سے یہ سلسلہ رک جائے تو پھر گڑ بڑ ہوجائے گی۔
انہوں نے کہا کہ اگر انہیں جہنم میں جانے یا پاکستان جانے میں سے اختیار دیا جائے تو وہ جہنم میں جانا پسند کریں گے۔
واضح رہے کہ جاوید اختر اس سے قبل بھی پاکستان کے خلاف زہر اگلتے رہے ہیں اور ان پر پاکستانی اداکاروں کی جانب سے شدید تنقید کا سلسلہ بھی جاری ہے۔۔ گزشتہ سال وہ پاکستان آئے تو پاکستان اور پاکستانیوں کی خوب تعریف کی، مگر اب کہہ رہے ہیں کہ وہ پاکستان کی بجائے جہنم جانا پسند کریں گے