
ڈالر کی اونچی اڑان کے باعث گزشتہ 6ماہ سے پاکستانی سفارتخانوں میں پاکستانی افسران اور ملازمین کو تنخواہیں نہیں ملیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق صحافی طالب فریدی کا دعویٰ ہے کہ ڈالر کی اونچی اڑان اور معاشی حالات انتہائی خراب ہونے کے باعث گزشتہ 6 ماہ سے یورپ، امریکا اور کینیڈا میں سیکڑوں مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ سمیت دیگر شعبوں کے پاکستانی افسران اور ملازمین کو تنخواہیں نہیں ملیں۔
ان ممالک میں موجود پاکستانی سفارتخانوں کے افسران اور ملازمین کو انتہائی مالی مشکلات کا سامنا ہے، امریکا اور یورپ جیسے ممالک میں دووقت کی روٹی خریدنا مشکل ہو گیا۔
میڈیا کو دستیاب دستاویز کے مطابق پاکستانی سفارت خانوں اور قونصل جنرل میں تعینات سینکڑوں ملازمین کو تنخواہ مل رہی ہے نہ ہاؤس رینٹ، ملازمین کو گھر خالی کرنے کے نوٹس بھی مل چکے ہیں جبکہ کچھ گھر چھوڑ کر کسی دوست اور عزیز واقارب کے ہاں رہنے پر بھی مجبور ہیں۔
امریکہ میں تعینات ایک آفیسر نے بتایا کہ تنخواہوں اور ہاؤس رینٹ نہ ملنے سے جرمانہ بھی پڑ گیا ہے۔ جبکہ دوسری طرف وزیراعظم اور وزیر خارجہ و وزیر مملکت خارجہ سمیت دیگر اعلی حکام امریکہ یورپ کا دورہ کر چکے ہیں جن پر لاکھوں ڈالر اور پانڈ خرچ کیے گئے مگر ملازمین کو تنخواہیں دینے کے لیے فنڈز کی عدم دستیابی کا بہانہ کیا جا رہا ہے۔