واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ان کی خارجہ پالیسی کے حوالے سے اب تک جس اقدام کو سب سے زیادہ سراہا گیا ہے، وہ پاک بھارت کے درمیان جنگ بندی کو ممکن بنانا ہے۔
https://twitter.com/x/status/1923578310224679274
ایک امریکی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے صدر ٹرمپ نے پاکستانیوں کی ذہانت اور ان کی شاندار صنعتی صلاحیتوں کا کھل کر اعتراف کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سے ان کی بہت اچھی بات چیت ہوئی ہے، اور یہ بات سمجھنی چاہیے کہ تعلقات ہمیشہ دو طرفہ ہوتے ہیں، کیونکہ "تالی دونوں ہاتھوں سے بجتی ہے"۔
https://twitter.com/x/status/1923542243903717607
صدر ٹرمپ نے بتایا کہ اگرچہ وہ بھارت سے متعلق معاملات میں پُراعتماد تھے، مگر پاکستان کے ساتھ تجارتی گفتگو بھی کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی خواہش ہے کہ امریکا سے تجارت کو فروغ دے، اور وہ سمجھتے ہیں کہ پاکستان نظرانداز کرنے والا ملک نہیں ہے۔
ٹرمپ نے پاکستانیوں کو "انتہائی ذہین" قرار دیا اور کہا کہ وہ حیرت انگیز مصنوعات تیار کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ان کے بقول، یہ حیرت کی بات ہے کہ امریکا اور پاکستان کے تعلقات اچھے ہونے کے باوجود ان کے درمیان تجارت محدود ہے۔
بھارتی جارحیت اور پاکستانی ردعمل کے تناظر میں، جب میزبان نے جنگ بندی کے حوالے سے سوال کیا تو صدر ٹرمپ نے واضح کیا کہ پاکستان اور بھارت معمولی طاقتیں نہیں بلکہ بڑی ایٹمی قوتیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک ایک دوسرے سے شدید ناراض تھے اور ایک دوسرے پر شدید حملے کر رہے تھے، یہاں تک کہ نیوکلیئر ہتھیاروں کے استعمال کا خطرہ سر پر منڈلا رہا تھا۔
صدر ٹرمپ کا کہنا تھا: "ایٹمی جنگ کا تصور ہی ہولناک ہے، یہ انسانیت کے لیے بدترین صورتحال ہوتی۔" انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک اس دہانے تک پہنچ چکے تھے، مگر خوشی ہے کہ اب دونوں فریق مطمئن اور پُرامن ہیں۔
پس پردہ سفارتی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے بتایا کہ انہوں نے اپنی ٹیم کو پاکستان اور بھارت سے رابطے کرنے اور تجارتی مذاکرات شروع کرنے کی ہدایت دی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ تجارت کو دشمنی ختم کرنے اور امن قائم کرنے کا ذریعہ بنانا چاہتے ہیں۔
بھارت کے حوالے سے گفتگو میں انہوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بھارت دنیا میں سب سے زیادہ ٹیرف لگانے والا ملک ہے، جس کے باعث بین الاقوامی کاروبار مشکل ہو جاتا ہے۔ تاہم انہوں نے بتایا کہ بھارت اب امریکا کے ساتھ تجارتی ٹیرف میں نمایاں کمی پر آمادہ ہے۔
صدر ٹرمپ نے کہا: "میں وعدے پورے کرنے والا شخص ہوں، اور میری پالیسی ہے کہ تجارت کے ذریعے ہم دنیا میں دشمنیوں کا خاتمہ اور امن کا فروغ ممکن بنا سکتے ہیں۔"
Last edited: