افغان قونصلیٹ کے ترجمان نے پاکستانی قومی ترانے پر کھڑے نہ ہونے پر وضاحتی بیان جاری کردیا,اپنے وضاحتی بیان میں افغان قونصلیٹ نے کہا پاکستانی ترانے میں میوزک کی وجہ سے قونصل جنرل کھڑے نہیں ہوئے,پشاور میں منعقدہ رحمت العالمین کانفرنس میں قومی ترانے پر کھڑے نہ ہونے کے معاملے پر ترجمان افغان قونصلیٹ نے کہا پاکستانی ترانے کی بے حرمتی اور بے توقیری ہرگز مقصد نہیں تھا جبکہ ترانے میں میوزک تھا اس لیے قونصل جنرل کھڑے نہیں ہوئے۔
افغان قونصلیٹ کے ترجمان نے کہا ہم نے اپنے قومی ترانے پر بھی میوزک کی وجہ سے پابندی لگائی ہوئی ہے، اگر ترانہ بغیر میوزک کے چلتا یا بچے پیش کرتے تو قونصل جنرل لازمی کھڑے ہوتے اور سینے پر ہاتھ بھی رکھتے, پاکستان یا قومی ترانے کی توہین کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔
دوسری جانب دفتر خارجہ نے پشاور میں ایک تقریب کے دوران افغانستان کے قائم مقام قونصل جنرل کی جانب سے قومی ترانے کی بے حرمتی پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا میزبان ملک کے قومی ترانے کی بے حرمتی سفارتی آداب کے خلاف ہے۔
انہوں نے مزید کہا تھا کہ افغانستان کے قائم مقام قونصل جنرل کا یہ اقدام قابل مذمت ہے، ہم اس معاملے پر اپنا شدید احتجاج اسلام آباد اور کابل میں افغان حکام تک پہنچا رہے ہیں۔‘‘