
سوشل میڈیا پر ایک دل دہلا دینے والی ویڈیو وائرل ہو گئی ہے جس میں چند شہریوں کو "مرغا" بنا کر ان پر بدترین تشدد کیا جا رہا ہے، جبکہ ویڈیو میں موجود شخص متاثرین کے ساتھ گالم گلوچ بھی کرتا نظر آ رہا ہے۔
ویڈیو کے حوالے سے دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ یہ واقعہ معروف ٹک ٹاکر **فرخ کھوکھر** کے مبینہ ڈیرے پر پیش آیا، جہاں شہریوں کو تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ویڈیو میں جس شخص کو تشدد کرتے ہوئے دیکھا جا رہا ہے، اس کی شناخت **عتیق بٹ** کے نام سے کی جا رہی ہے، جو مبینہ طور پر فرخ کھوکھر کا فرنٹ مین قرار دیا جا رہا ہے۔
ویڈیو کے سوشل میڈیا پر وائرل ہوتے ہی عوامی حلقوں اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید غم و غصے کا اظہار کیا گیا اور پولیس سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا گیا۔
اس عوامی دباؤ کے بعد راولپنڈی پولیس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ویڈیو پر فوری تحقیقات کی گئی ہیں، تاہم مذکورہ ویڈیو راولپنڈی کی کسی معروف لوکیشن سے مطابقت نہیں رکھتی اور نہ ہی اس حوالے سے تاحال کسی متاثرہ شخص نے پولیس سے رابطہ کیا ہے۔"
> "پولیس کا مزید کہنا تھا کہ تشدد یا ناروا سلوک کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ اگر کوئی متاثرہ شخص سامنے آتا ہے یا کسی کے پاس ویڈیو سے متعلق مصدقہ معلومات ہیں تو وہ رابطہ تفصیلات پولیس کے ساتھ شیئر کرے تاکہ **قانونی کارروائی** عمل میں لائی جا سکے۔"
واقعے نے سوشل میڈیا پر نہ صرف انسانی حقوق کی پامالی کے حوالے سے نئی بحث چھیڑ دی ہے بلکہ اثرورسوخ رکھنے والی شخصیات کے غیر قانونی اقدامات پر بھی سوالات اٹھا دیے ہیں۔ صارفین کی بڑی تعداد اس معاملے پر **از خود نوٹس** کا مطالبہ کر رہی ہے۔