
ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر عائد جرمانوں کی شرح میں 200 فیصد تک اضافہ کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق یہ فیصلہ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروےپولیس کی جانب سے ریوائزڈ جرمانوں کیلئے شیڈول 12 کےتحت کیا گیا ہے، ساتھ ہی 7 قسم کے نئے ٹریفک قوانین کے کوڈز بھی شامل کردیئے گئے ہیں۔
نیشنل ہائی ویزاینڈ موٹروے پولیس کی جانب سےجاری کردہ اعلامیہ کے مطابق نئے جرمانوں کا اطلاق یکم اکتوبر سے کردیا جائے گا۔
نئے قوانین کے مطابق بغیر لائسنس گاڑی چلانے والے ڈرائیور پر 5ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا، پہلے اس قانون کی خلاف ورزی پر صرف 750روپے جرمانہ کیا جاتا تھا، غلط اوورٹیکنگ پر 300 روپے کے بجائے 1500 روپے، اوور سپیڈنگ پر 750 روپے کے بجائے2500 روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
اسی طرح ڈرائیونگ کے دوران غفلت برتنے پر 300 روپے کے بجائے1500 روپے، ایمرجنسی سروس وہیکل و ایمبولینس کو راستہ نا دینے پر 1 ہزار روپے جرمانہ عائد ہوگا، دوران سفر ڈرائیور اورپسنجر دونوں کیلئے سیٹ بیلٹ لازمی قرار دیا گیا ہے، خلاف ورزی پر 1500 روپے جرمانہ عائد ہوگا، بغیر سائیڈ مرر یا ناقص شیشوں کےساتھ گاڑی چلانے والے کو بھی 500 روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا جبکہ کالے شیشوں کے ساتھ ڈرائیونگ پر بھی ایک ہزار روپے کا چالان ہوگا۔
ٹریفک کوڈ میں پہلی مرتبہ دوران ڈرائیونگ موبائل فون یا دیگر الیکٹرانک ڈیوائسز استعمال کرنے پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے، خلاف ورزی کرنےوالے ڈرائیور پر500 روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا، غیر قانونی طور پر پولیس یا دیگر محکموں کی ریوالونگ لائٹ لگانے پر 5ہزار، فینسی یا ان مشین ریڈایبل نمبر پلیٹ نصب کرنے پر 1 ہزار، ایچ آئی ڈی لائٹ کے استعمال پر 2 ہزار روپے جرمانہ عائد ہوگا۔