نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی دوسری مدتِ صدارت شروع کرنے سے پہلے ایک کرپٹو کرنسی لانچ کر دی ہے۔
اس کرپٹو کرنسی کو ٹرمپ آرگنائزیشن سے منسلک سی آئی سی ڈیجیٹل ایل ایل سی کے زیراہتمام شروع کیا گیا ہے ،یہ کمپنی اس سے پہلے ٹرمپ کے برانڈ والے جوتے اور پرفیوم بھی لانچ کر چکی ہے ۔
امریکی میڈیا کے مطابق اس کرپٹو کرنسی سے کسی قسم کی خریداری ممکن نہیں، لیکن ٹرمپ کے حامیوں نے اسے بڑی تعداد میں خریدنا شروع کر دیا ہے، جس کے نتیجے میں اس کرنسی کی مارکیٹ کیپٹلائزیشن 5.5 ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہے۔
کوائن مارکیٹ کیپ ڈاٹ کام کے مطابق Trump$ کی مارکیٹ کیپٹلائزیشن ایک دن کے اندر اندر 10 ارب امریکی ڈالر سے زیادہ ہو چکی ہے اور ایک کوائن کی قیمت 59 ڈالر ہے
ڈونلڈ ٹرمپ نے اس کرنسی کو اپنی جانب سے ایک "آفیشل میم" قرار دیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ ڈونلڈ ٹرمپ اس منصوبے سے کتنی آمدنی حاصل کریں گے۔
یاد رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ آج امریکی صدر کا عہدہ سنبھالیں گے۔ شدید سرد موسم کے باعث ان کی حلف برداری کی تقریب انڈور منعقد کی جا رہی ہے، اور یہ تقریباً 40 سال بعد پہلی بار ہوا ہے کہ کسی امریکی صدر کی حلف برداری انڈور رکھی گئی ہے۔