سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر فائرنگ کرنے والے مشتبہ شخص کی شناخت ہوگئی ہے ، امریکی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ فائرنگ کرنے والے حملہ آور کا نام ریان ویسلی راؤتھ ہے۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی " رائٹر" کی ایک رپورٹ کے مطابق امریکی میڈیا نے نامعلوم اداروں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر فائرنگ کرنے والے مشتبہ شخص کی شناخت ہوائی کے رہائشی58 سالہ ریان ویسلے راؤتھ کے نام سے ہوئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق اتوار کو فلوریڈا کے پام بیچ پر ڈونلڈ ٹرمپ کے گولف کورس میں سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر فائرنگ کے واقعہ پر عینی شاہد نے حکام کے ساتھ حملہ آور کی گاڑی اور لائسنس نمبر پلیٹ کی معلومات شیئر کیں جس کے بعد حکام نے مشتبہ شخص کو گرفتار کرلیا ہے، تاہم ایف بی آئی نے اس حوالے سے کسی بھی قسم کے تبصرے سے انکار کیا ہے ۔
ایک سیکرٹ سروس ایجنٹ نے بتایا کہ جس وقت ڈونلڈ ٹرمپ پر حملہ ہوا وہ گولف کورس میں ٹرمپ کے ساتھ ہی تھے کہ اچانک انہیں پراپرٹی لائن کے قریب کچھ جھاڑیوں سے بندوق نظر آئی، جس پر اردگرد موجود سیکیورٹی اہلکاروں نے مشتبہ شخص پرگولیوں کے چار راؤنڈ فائر کیے مگر وہ شخص اپنے اسلحے اور دیگر سامان کے ساتھ موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
حکام کے مطابق اس دوران ایک عینی شاہد حملہ آور کی گاڑی اور لائسنس نمبر پلیٹ کی تصویر لینے میں کامیاب ہوگیا جسے اس نے حکام کے حوالے کیا، اس تصویر کی مدد سے مشتبہ شخص کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
رائٹرز کے مطابق گرفتاری ملزم کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے روس کے خلاف جنگ میں یوکرین کی پرجوش حمایت پر مبنی پوسٹیں ملی ہیں۔