وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کے قتل کی سازش کے الزام میں امریکی نیوی سیل سمیت 6 غیر ملکیوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق وینزویلا کے حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ صد ر نکولس مادورو کے قتل کی سازش میں مبینہ طور پر سی آئی اے ملوث ہے ،وینزویلا حکام نے سازش میں ملوث امریکی نیوی سیل سمیت 6 غیر ملکیوں کو گرفتار بھی کرلیا ہے۔
وینزویلا حکام کے مطابق ان لوگوں کو ملک کو غیر مستحکم کرنے کی مبینہ سازش تیار کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا، گرفتار افرادمیں 3 امریکی، 2 ہسپانوی اور ایک چیک شہری شامل ہے، حکام نے مبینہ طور پر سازش میں استعمال ہونے والی 400 امریکی ساختہ رائفلز بھی اپنے قبضے میں لے لی ہیں۔
وینزویلا کے وزیر داخلہ نے اس حوالے سے ایک بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ سی آئی اے کی قیادت اس سازش کو تیار کررہی تھی جس کا مقصد صدر مادورو کو قتل کرنا تھا۔
خیال رہے کہ یہ الزام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب وینزویلا میں اپوزیشن جماعتیں، لاطینی امریکی رہنما اور امریکہ خود صدر مادورو کی انتخابات جیت کو تسلیم کرنے سے انکاری ہیں۔
وینزویلا میں صدارتی انتخابات کے بعد ہونے والے احتجاجی مظاہروں کے دوران ہزاروں افراد کو گرفتار بھی کیاگیا۔