
ایران کے شہر تہران میں جاری ویسٹ ایشیا بیس بال کپ میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی ہے۔ قومی ٹیم نے بھارت کو 13 رنز سے ہرا کر فائنل میں پہنچنے کا اعزاز حاصل کیا۔
ایونٹ کے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان نے بھارتی ٹیم کے خلاف بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے 14 رنز بنائے، جبکہ بھارت کی ٹیم صرف ایک رن بنا سکی۔ پاکستان کی اس جیت پر کھلاڑیوں نے خوب جشن منایا اور "پاکستان زندہ باد" کے نعرے لگائے۔
اب فائنل میں پاکستان کا مقابلہ ایران اور فلسطین کے درمیان کھیلے جانے والے میچ کی فاتح ٹیم سے ہوگا۔
پاکستان بیس بال فیڈریشن کے صدر سید فخرعلی شاہ نے ایک پیغام میں کہا کہ یہ جیت پاکستان کی افواج کے نام کی جاتی ہے، جو ہمیشہ ملک کی سرحدوں کے دفاع میں پیش پیش ہیں۔
پاکستان کی اس فتح نے نہ صرف کھلاڑیوں کی محنت کو سراہا بلکہ ملک بھر میں خوشی کی لہر دوڑا دی ہے۔