وزیراعلیٰ پنجاب کا الیکشن: تحریک انصاف اور ق لیگ نے سٹریٹجی تیار کرلی

stratg11.jpg


پاکستان تحریک انصاف اور اتحادی جماعت ق لیگ نے اپنے اراکین اسمبلی کو بیرون ملک جانے سے روک دیا ہے۔

خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ضمنی انتخابات میں واضح اکثریت حاصل کرنے کے بعد پنجاب میں اپوزیشن جماعتوں نے وزیراعلی کے انتخاب کے حوالے سے اپنے اراکین کو اہم ہدایات جاری کردی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی اور ق لیگ نے اپنے اراکین کو بیرون ملک جانے سے روکتے ہوئے تمام اراکین کو لاہور میں ہی مقیم رہنے کی ہدایات دیدی ہیں اور کہا ہے کہ تمام اراکین 21 جولائی تک لاہور پہنچ جائیں تاکہ 22 جولائی کو وزیراعلی پنجاب کے انتخاب میں شرکت کو یقینی بنایا جاسکے۔

یادرہے کہ گزشتہ روز پنجاب کے 20 اضلاع میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف نے 15 نشستوں پر کامیابی حاصل کرکے پنجاب اسمبلی میں اپنی پوزیشن واضح طور پر مضبوط کرلی ہے، پی ٹی آئی کے مقابلے میں حکمران جماعت ن لیگ صرف 5 نشستوں پر کامیابی حاصل کرسکی۔

اس وقت صوبائی اسمبلی میں تحریک انصاف اور ق لیگ کی مجموعی طور پر 188 جبکہ مسلم لیگ ن ، پیپلزپارٹی اور آزاد اراکین کی تعداد 178 ہے۔
 

Back
Top