وزیراعظم کے بیرون ملک دوروں اور حکومتی معاملات میں مجرمان کی شرکت، تحریک انصاف نے نشاندہی کردی
پاکستان تحریک انصاف نے وزیراعظم شہباز شریف کے بیرون ملک دوروں اور حکومتی معاملات میں عدالت سے سزایافتہ افراد شرکت سے متعلق معاملہ کی نشاندہی کرتے ہوئے صدر مملکت اور چیف جسٹس سے نوٹس لینے کامطالبہ کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق رہنما تحریک انصاف عندلیب عباس نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور چیف جسٹس عمر عطا بندیال کو بذریعہ خطوط لکھ کر اس معاملے پر نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
عندلیب عباس کی جانب سے لکھے گئے خطوط میں موقف اپنایا گیا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کے بیرون ملک دوروں میں مجرم بیٹوں کو اجلاسوں کا حصہ بنایا گیا، دورہ سعودی عرب کے دوران حکومت پاکستان کے سرکاری وفد کے ساتھ عدالتوں سے اشتہاری سلیمان شہباز اور حسین نواز بھی اجلاسوں میں شریک ہوئے۔
رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ یہ دونوں لوگ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ہونے والی ملاقات میں بھی شریک تھے، اسی طرح وزیراعظم کے دورہ ترکی کے موقع پر بھی عدالت سے اشتہاری قرار پانے والے ملزمان سرکاری اجلاسوں میں دیکھے گئے۔
عندلیب عباس نے خط میں لکھا ہے کہ سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈارجسے عدالت نے مقدمات کی عدم پیروی کے باعث اشتہاری قرار دیا ہے حکومت کی معاشی پالیسیوں کا فیصلہ کررہے ہیں، نواز شریف عدالت سے سزایافتہ ہیں جنہیں مختلف کیسز میں سزا سنائی جاچکی ہے مگر موجودہ وزیراعظم شہباز شریف ان سے لندن میں ملاقات کرتے ہیں،وزیراعظم پاکستان کی ایک مجرم سے ملاقات حلف کی روگردانی ہے۔