
سینئر صحافی و تجزیہ کار کامران خان نے موجودہ معاشی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ وزیراعظم فوری استعفیٰ دیں یا پھر قومی سلامتی لیڈر شپ ہاتھ پر ہاتھ دھر کر بیٹھنے کے بجائے وزیراعظم کو جگائیں انہیں کام پر لگائیں یا اقتدار قدرے محفوظ ہاتھوں میں منتقل کروائیں۔
اپنے ویڈیو لاگ میں کامران خان نے کہا کہ میں وزیراعظم شہباز شریف کی توجہ آج کی ہنگامی صورتحال کی طرف مبذول کروانا چاہتا ہوں،شہباز شریف صاحب یا تو استعفیٰ دے کر اقتدار کسی بااختیار کیئر ٹیکر حکومت کے حوالے کردیں یا پھر اپنی تمام تر توجہ صرف ملکی معیشت کو بچانے پر مرکوز کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کل سے شہباز شریف کی پوری توجہ ڈوبتی حکومت کو بچانے کی کوششوں پر ہے، اس وقت اوپن مارکیٹ میں ڈالر 220 روپے میں دستیاب نہیں ہے، سرکاری طور پر ڈالر کا نرخ 218 کو چھو گیا ہے، ایکسچینج ریٹ افراتفری کا شکار ہے۔
سینئر صحافی نے مزید کہا کہ 4سالہ اس شہباز شریف دور حکومت میں روپیہ تاریخ کی بدترین تباہی سے دوچار ہوا، گزشتہ 48 گھنٹوں میں ڈالر کے مہنگا ہونے سے بیرونی قرضوں میں ہزاروں ارب روپے کااضافہ ہوا ہے،پاکستان کو عالمی منڈیوں میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا کوئی فائدہ نہیں پہنچے گا۔
کامران خان نے کہا کہ یہ وقت سب کچھ چھوڑ کر زرداری صاحب سے حکومت بچانے کے گر سیکھنے کا نہیں ہے،شہباز شریف صاحب لاہور سے نکلیں، اسلام آباد پہنچیں اور ایکسچینج ریٹ کو سنبھالنے کیلئے عملی جدوجہد کا آغاز کریں، پاکستان اس وقت دیوالیہ ہونے کے قریب 5 ممالک کی فہرست میں شامل ہوچکا ہے، اگر آپ کے پاس پاکستان کی معاشی بقا کی اس جنگ کیلئے وقت نہیں ہے تو آج ہی استعفیٰ دیدیں۔
کامران خان نے آخر میں کہا کہ اگر شہباز شریف استعفیٰ نہیں دیتے تو ہماری قومی سلامتی کی لیڈر شپ ہاتھ پر ہاتھ دھر کر بیٹھنےکےبجائے موجودہ وزیراعظم کو جگائیں اور انہیں کام پر لگائیں یا اقتدار محفوظ ہاتھوں میں منتقل کروائیں۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/shehbazii11.jpg