
بھارت نے ورلڈ کپ2023 میں شرکت کیلئے پاکستانی ٹیم کو تاحال ویزے جاری نہیں ہے ، پاکستانی ٹیم ورلڈ کپ میں شرکت کرنےوالی ٹیموں میں سے واحد ہےجسے ابھی تک ویزے جاری نہیں کیے گئے۔
کرکٹ کی خبروں پر نظر رکھنےوالی ویب سائٹ کرک انفو کی ایک رپورٹ کے مطابق پاکستانی ٹیم کو بھارتی حکام کی جانب سے تاحال ویزے جاری نہیں کیے گئے ہیں، ویزوں میں تاخیر کے باعث پاکستانی ٹیم نے دورہ دبئی بھی منسوخ کردیا ہے۔
قومی ٹیم نے ورلڈ کپ میں شرکت سے قبل اگلے ہفتے متحدہ عرب امارات جانا تھا اورچند دن آرام کے بعد 29 ستمبر کو نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے وارم اپ میچ سے قبل دبئی سے بھارتی شہر حیدرآباد روانہ ہونا تھا۔
تاہم بھارتی حکام کی جانب سے ویزوں کےا جراء میں تاخیر کے باعث پی سی بی نے کھلاڑیوں کا دورہ یو اے ای منسوخ کردیا ہے،اب قومی ٹیم ممکنہ طور پر ویزے ملنے پر پاکستان سے براہ راست بھارت روانہ ہوگی۔
کرک انفو کے مطابق صورتحال فی الحال تشویش ناک ہے، تاہم امید ہے کہ وقت سے پہلے ویزے پہنچ جائیں گے۔
خیال رہے کہ بھارت میں ہونے والے ورلڈ کپ 2023 میں شریک تمام ٹیموں کو ویزے جاری کردیئے گئے ہیں، واحد پاکستان کی ایک ٹیم ہے جو تاحال ویزوں کا انتظار کررہی ہے۔