پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر وزیراعظم شہباز شریف اور مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم نواز شریف کی ملاقات میں ملک بھر میں انتخابی مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کےمطابق لاہور میں مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر ، چیف آرگنائزر اور سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی، اس موقع پر سابق وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز شریف اور وزیراعظم کے بڑے صاحبزادے سلیمان شہباز بھی موجود تھے۔
اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا او رساتھ ہی آئندہ عام انتخابات کیلئے ملک گیر مہم شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا، بلوچستان اور سندھ میں انتخابی اتحاد کا بھی امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ صدر ن لیگ میاں شہباز شریف نے عام انتخابات کیلئے پارٹی ٹکٹوں کے اجراء کے عمل کو بھی شروع کرنے کی ہدایات دیں اورامیدواروں کے حوالے سے صوبائی پارٹی صدور سےرپورٹس طلب کرلی ہیں۔
ملاقات میں مریم نواز شریف نے وزیراعظم شہباز شریف کو پارٹی قائد میاں نواز شریف کا پیغام پہنچایا جس میں نواز شریف کا کہنا تھا کہ پارٹی کا بیانیہ نوجوان نسل کو سامنے رکھ کر مرتب کیا جائے، نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع اور آسان قرضہ جات کےمنصوبوں کیلئے لائحہ عمل بیانیے میں شامل کیے جائیں۔
نوازشریف نے ہدایات دیں کہ انتخابی منشور کیلئے پارٹی کی کمیٹی تشکیل دی جائے اور عوام کے سامنے ملک کو نقصان پہنچانے والی سابقہ حکومت کی پالیسیوں کی حقیقت آشکار کی جائے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/26%5Bmllselctionmohim.jpg