
اسلام آباد ہائی کورٹ میں پاکستان تحریکِ انصاف کی ن لیگ اور پی پی پی کے پارٹی فنڈز کی الیکشن کمیشن سے جلد تحقیقات کرانے کی درخواست پر سماعت ہوئی، عدالت نے پی ٹی آئی کی جلد تحقیقات کی درخواست منظور کرلی۔
عدالتِ عالیہ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے درخواست کی سماعت کی،اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب کی درخواست کی جلد سماعت کی استدعا منظور کر لی۔
دورانِ سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ موسم سرما کی چھٹیوں کے بعد کی کوئی تاریخ رکھ لیتے ہیں،وکیل فیصل چوہدری نے کہا کہ استدعا ہے کہ پہلے رکھ دیں، بہت دیر ہو جائے گی، چھوٹا سا مسئلہ ہے۔
چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ چھوٹا مسئلہ تو ہے لیکن اگلے ہفتے آپ کے باقی بڑے بڑے مسئلے بھی سماعت کے لیے مقرر ہیں،عدالت نے رجسٹرار آفس کو فرخ حبیب کی درخواست 22 دسمبر کو سماعت کے لیے مقرر کرنے کی ہدایت کر دی۔
پاکستان تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کو فنڈنگ کے راز ابھی تک سامنے کیوں نہیں آ رہے؟تینوں جماعتوں کی فنڈنگ کیس سے متعلق فیصلہ اکٹھا آنا چاہیے، قانون کا مقصد ہے ووٹر کو پتہ ہو کہ سیاسی جماعت کی فنڈنگ کون کر رہا ہے، پی ٹی آئی نے 40 ہزار سے ز ائد ڈونرز کی تفصیلات الیکشن کمیشن کو دی ہیں۔