
سابق وزیراعظم پاکستان نواز شریف کی جائیداد نیلامی کیلئے تاریخ کا اعلان کردیا گیا ہے۔
خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر لاہور نے نواز شریف کی جائیداد کی نیلامی کیلئے تاریخ کا اعلان کردیا ہے۔ اے سی لاہور کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ احتساب عدالت نمبر 3 کے حکم کے مطابق نواز شریف کی لاہور کے علاقے اپر مال پر واقع 135نمبر جائیداد کی نیلامی 19 نومبر کو ہوگی۔
اے سی لاہور کے مطابق نیلامی کی تقریب اے سی لاہور کینٹ کے آفس میں ہوگی، نواز شریف کی 2 کنال 8 مرلے اراضی کو نیلامی کیلئے پیش کیا جائےگا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اس حوالے سے لاہور کے کینٹ ٹاؤن ہال سمیت شہر کے مختلف مقامات پر اشتہارات آویزاں کیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ اپریل 2021 میں اسلام آباد کی احتسا ب عدالت نے توشہ خانہ کیس میں نواز شریف کی لاہور میں غیر منقولہ جائیداد کی نیلامی کا حکم دیا تھا، اس حوالے سے نیب نے احتساب عدالت نمبر 3 میں درخواست دائر کی تھی۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/nazoo.jpeg