لاہور(نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منورحسن نے کہا ہے کہ امریکا اور مغرب دنیا بھر م اسلامی تحریکوں کو دیوار سے لگانے کوشش کر رہے ہیں مگر ان کی سازشیں کامیاب نہیں ہوں گی اسلامی تحریکوں کو اپنے ملکوں کے عوام کی حمایت حاصل ہے اور ان تحریکوں کے لاکھوں کارکنان جذبۂ جہاد سے سرشار غلبہ دین کی کوششوں میں مصروف ہیں جنرل السیسی امریکا اور اسرائیل کی سرپرستی میں مصری عوام کا قتل عام کر رہا ہےمصری فوج کے غیر آئینی اقدام اور نہتے مظاہرین پر سیکورٹی کے مظالم نے مصر کو خانہ جنگی سے دوچار کردیاہے
جب تک ہماری گردنوں پر سر موجود ہیں، کوئی اسلام پسندوں کو ان کے راستے سے نہیں ہٹا سکتا جنرل السیسی سمجھتا ہے کہ اسلام دشمن قوتیں ہمیشہ اس کی پشت پر موجود رہیں گی، لیکن اسے2سال قبل ہونے والے مصر، تیونس، مراکش اور لیبیا کے ڈکٹیٹروں کا انجام یاد رکھنا چاہیے جب عوام اٹھ کھڑے ہوتے ہیں تو بڑے سے بڑا فرعون بھی ان کے سامنے ٹھہر نہیں سکتاعرب ممالک میں امریکا کے بڑے بڑے بت پاش پاش اور قلعے مسمار ہو چکے ہیں ڈاکٹر مرسی اور اخوان پر مصر کے عوام نے 5مرتبہ اعتماد کا اظہار کیا مگر آئین کی پاسداری عوامی حقوق کے تحفظ اور جمہوریت کا راگ الاپنے والوںنے ان کی حکومت پر فوجی شب خون کیخلاف آواز بلند کی اورنہ ظلم و بربریت کی مذمت کی
عالمی امن اور انسانی حقوق کے چیمپئن کے منہ کو تالے لگ گئے ہیں وزیر اعظم نواز شریف کو ترکی کی حکومت کے جرأت مندانہ مؤقف کی تقلید کرتے ہوئے فوری طور پر سلامتی کونسل کا اجلاس بلانے کا مطالبہ کرنا چاہیے مغرب اوراس کے حواری کان کھول کر سن لیں کہ اب اسلام کے بڑھتے ہوئے قدموں کو روکنا ان کے بس میں نہیں ان کے لیے بہتر یہی ہے کہ اسلام مخالف رویہ ترک کر کے عالمی امن کی راہ ہموار کریں۔
جماعت اسلامی کے مرکزی میڈیا سیل کے پریس ریلیز کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوںنے آبپارہ چوک اسلام آباد میں ڈاکٹر مرسی کی حمایت اور مصری فوج کے ظلم و جبر کے خلاف دیے گئے دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ دھرنے میں ہزاروںلوگوں نے شرکت کی ۔ دھرنے میں خواتین اور بچوں کی بہت بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ دھرنے کے شرکا نے کثیر تعداد میں ڈاکٹر محمد مرسی کی تصاویر اٹھا رکھی تھیں اور بینرزاور کتبے پکڑے ہوئے تھے جن پر ڈاکٹر مرسی اور مصری عوام کے حق میں اور فوجی ڈکٹیٹر جنرل السیسی کے خلاف نعرے درج تھے۔جلسہ سے تحریک انصاف کے سرکردہ رہنما شاہ محمود قریشی سمیت جماعت اسلامی کے دیگر مرکزی وصوبائی رہنمائوں نے بھی خطاب کیا۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن نے وزیر اعظم نواز شریف کو متنبہ کیا ہے کہ انتخابی دھاندلی کا ناٹک زیادہ عرصے تک نہیں رچایا جا سکے گا۔ ایک سال میں حقائق قوم کے سامنے آجائیں گے ۔
جلسہ عام میں مصر کے تشویشناک حالات پر قومی اسمبلی میں متفقہ طور پر منظور قرار داد کی چاروں صوبائی اسمبلیوں کی جانب سے توثیق کا مطالبہ کر دیا گیا۔ جلسہ میں آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں بھی مصری عوام سے اظہار یکجہتی کی قرار داد لانے کا اعلان بھی کر دیا گیا ہے ۔سید منور حسن نے کہا کہ صدر مرسی کے ساتھ ہونے والی زیادتی سے حقیقت میں عوام کے فیصلے پر نقب لگائی گئی ہے ۔ مصر میں ادارے قائم ہو رہے تھے کہ عوام کو تہہ و تیغ کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے ہزاروں شہید کر دیے گئے ہزاروں کو ٹینکوں کے نیچے روندا گیا اور وہ موت اور زندگی کی کشمکش میں مبتلا ہیں۔ عرب دنیا اور مغرب و یورپ کے رویوں پر تشویش ہے انسانی حقوق کے اداروں کو سانپ سونگھ گیا ہے ۔ بچوں ، خواتین ، بزرگوں کو بھی ظلم و بربریت کا نشانہ بنایا جا رہا ہے ۔ ترک قیادت کو سلام پیش کرتے ہیں جس نے مصری فوج کے اقدام کو مسترد کرتے ہوئے فوجی حکومت کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا ۔ او آئی سی بھی خاموش ہے ترکی کی کوششوں کی وجہ سے یہ معاملہ سلامتی کونسل میں گیا مصر میں انسانی المیے کے خلاف ترکی نے صحیح معنوں میں اسلام دوستی اور جمہوریت سے وابستگی کا ثبوت فراہم کیا۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان نے کہا کہ اخوان ثابت قدم ہیں ظلم، تشدد اور جہالت کو آئین اور قانون کی عملداری اور انصاف کے بغیر ختم نہیں کیا جا سکتا۔ امریکا، یورپ، اسرائیل مصری فوج کے سربراہ جنرل السیسی کے پشت بان بن گئے ہیں ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ مصر کے معاملے پر سلامتی کونسل اور عالمی قیادت کو اپنی ذمہ داری پوری کرنی چاہیے۔ سابق وزیر خارجہ اور قومی اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ قومی اسمبلی مصر کے حالات پر تشویش کا اظہار کر چکی ہے تشدد کی مذمت کرتے ہوئے جمہوری حکومت اور اقدار کی بحالی کا مطالبہ کر چکے ہیں جن جماعتوں کے اتفاق رائے سے یہ قرار داد منظور ہوئی تھی خوشی ہوتی وہ جماعتیں بھی اس جلسے میں شریک ہوتیں سیاست میں اختلاف رائے ہوتا ہے لیکن پاکستان کی سیاسی جماعتیں اور قوم متفق ہے کہ مصر میں جو کچھ ہوا وہ غیر جمہوری
تھا مصر میں جمہوری تسلسل میں رکاوٹ ڈالنے پر پوری پاکستانی قوم سراپا احتجاج ہے ۔
جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے امیر پروفیسر محمد ابراہیم نے کہا کہ مصری عوام پر ظلم و تشدد کی وجہ سے دل اور آنکھیں خون کے آنسو رو رہی ہیں مصر میں انقلاب کی تجدید ہونے والی ہے۔ مصری عوام کے ملازم جنرل السیسی نے طاقت کے بل بوتے پر جمہوری صدر کو گرفتار کیا ہے۔ شہداء کا خون ضرور رنگ لائے گا پوری دنیا اس انقلاب کی لپیٹ میں آئے گی۔ امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر عبدالرشید ترابی نے کہا کہ شہادت پیش کرنے والی تحریکیں ضرور منزل حاصل کرتی ہیں۔ مصر میں اسلامی انقلاب کی تجدید ہو گی۔
امیر جماعت اسلامی پنجاب رکن پنجاب اسمبلی ڈاکٹر وسیم اختر نے کہا کہ اخوان المسلمون کے کارکنوں مصری خواتین، بچوں، بزرگوں کو سلام پیش کرتے ہیں کہ گولیوں کی برسات میں اللہ کے پرچم کو سرنگوں نہیں ہونے دے رہے ہیں مصر میں لوڈشیڈنگ، مہنگائی اور بیروزگاری کیخلاف احتجاج نہیں ہو رہا بلکہ نظریے کی لڑائی ہے۔ وقت کا فرعون جنرل السیسی ہے اور پشت پر دنیا کا فرعون اعظم امریکا ہے ۔ تاریخ خود کو دہرا رہی ہے حق و باطل کا معرکہ برپا ہے حق کی فتح قریب ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم آزمائش کی اس گھڑی میں مصری عوام کے ساتھ ہے ۔