نیوز اینکر عبداللہ حسن خوفناک ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہوگئے ہیں۔
افسوسناک واقعہ کراچی میں شاہراہ فیصل آواری ٹاور سگنل کے قریب پیش آیا جہاں کار فٹ پاتھ سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔
کار حادثے میں جاں بحق شخص کی شناخت عبداللہ حسن کے نام سے ہوئی جو مختلف پرائیویٹ ٹی وی چینلز میں نیوز اینکر کے فرائض سرانجام دے چکے ہیں۔وہ طویل عرصہ آج ٹی وی سے بھی منسلک رہے ہیں۔
عبداللہ حسن اس وقت جی ٹی وی چینل سے وابستہ تھے جس پر چینل انتظامیہ نے اظہارافسوس کیا ہے۔
ریسکیو حکام نے عبداللہ کی لاش ہسپتال منتقل کردی پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے سے متعلق مزید تفتیش جاری ہے۔
عبداللہ حسن کی موت پر گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے اظہارافسوس کرتے ہوئے کہا کہ روڈ حادثہ میں نیوز اینکر عبداللہ حسن کے انتقال پر بہت افسوس ہوا، مرحوم اینکر عبداللہ حسن کے لواحقین سے تعزیت کرتا ہوں، دکھ کی اس گھڑی میں سوگوار خاندان کے ساتھ ہیں، اللہ تعالی مرحوم کی مغفرت، درجات بلند اور اہلخانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے، آمین