وفاقی وزارت مذہبی امور نے حج 2025 کے حوالے سے اہم اقدام کرتے ہوئے نجی حج منظم کمپنیوں اور ذیلی کمپنیوں کو بکنگ کی اجازت دے دی ہے۔ اس اقدام کے تحت نجی عازمینِ حج کے پیکیجز کی تفصیلات بھی جاری کر دی گئی ہیں، جو 10 جنوری سے 31 جنوری تک بکنگ کے لیے دستیاب ہوں گی۔
وزارت مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق نجی حج اسکیم کے تحت مختلف پیکیجز ویب سائٹ پر فراہم کیے گئے ہیں۔ ان پیکیجز کی قیمتیں پونے 11 لاکھ سے لے کر ساڑھے 21 لاکھ روپے کے درمیان ہیں۔ اضافی سہولیات فراہم کرنے والی کمپنیوں کو اپنے پیکیجز کی منظوری حج پالیسی فامولیشن کمیٹی سے لینا ہوگی، خاص طور پر وہ پیکیجز جو 30 لاکھ روپے سے زائد کے ہیں۔ ایسے پیکیجز کے بیچنے اور خریدنے والوں کے کوائف ایف بی آر اور متعلقہ اداروں کے ساتھ شیئر کیے جائیں گے۔
حج منظم کمپنیوں کو سہولت کی فراہمی کے معاہدے (SPA) کے تحت عازمین حج کی بکنگ کرنی ہوگی، اور تمام مالی لین دین کمپنی کے بینک اکاؤنٹ کے ذریعے کرنا لازمی ہوگا۔ وزارت نے نجی عازمین کو تاکید کی ہے کہ وہ بکنگ سے پہلے وزارت کی ویب سائٹ یا موبائل ایپ ’پاک حج‘ سے تمام تفصیلات کی تصدیق کریں اور سہولیات کا معاہدہ ضرور طلب کریں۔
نجی عازمین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ حج پیکیج کی سہولیات کو مکمل طور پر سمجھ کر بکنگ کریں تاکہ کسی قسم کی مشکلات سے بچا جا سکے۔
- Featured Thumbs
- https://dailyausaf.com/en/wp-content/uploads/2024/05/PIA.jpg